پارلیمنٹ کے ہوتے سڑکوں کے رخ کیوں کیے جارہے ہیں؟ خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف 5 دن بھی جیل میں نہیں گزارتے اور ضمانت کی درخواست دائر
کر ہو جاتی ہے
ہم انصاف کے لیے اسلام آباد گئے تو جمہوریت کے خلاف سازش کے طعنے دئیے گئے
نواز شریف کو موٹروے بنانے پر نہیں اثاثے چھپانے اور جھوٹ بولنے پر سزا ہوئی
چیئرمین نیب نے چیلنج کیا ہے کہ پولیٹیکل انجینئرنگ ثابت ہو تو عہدہ چھوڑ دوں گا
ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کی کارروائی بحال کروانے کی درخواست پر صرف تاریخیں مل رہی ہیں
لاہور (20 مئی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے ہوتے سڑکوں کے رخ کیوں کیے جارہے ہیں؟ احتجاجی تحریکوں کے اعلان کرنے والے پہلے کرپشن اور قتل عام کے کیسز میں بےگناہی ثابت کریں، نواز شریف کو موٹروبنانے پر نہیں اثاثے چھپانے اور جھوٹ بولنے پر سزا ہوئی، ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کی کارروائی بحال کروانے کی درخواست پر فی الحال صرف تاریخیں مل رہی ہیں۔ احتجاج کے لیے اعلانات کرنے والوں کی اکثریت کے خلاف کرپشن اور قتل و غارت گری کے حوالے سے سنگین مقدمات درج ہیں، اپوزیشن رہنما پولیٹیکل انجینئرنگ ثابت ہونے پر عہدے چھوڑ دینے کے حوالے سے چیئرمین نیب کے چیلنج کو قبول کرے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دلوانے پر ہے، اگر ہمیں عدلیہ سے انصاف نہ ملا تو ہم سمجھیں گے کہ انصاف صرف طاقتوروں کے لیے ہے مظلوموں کے لیے نہیں، 5 سال کی جدوجہد کے بعد غیر جانبدار تفتیش کا حق ملا تھا، اس کا بھی نوٹیفکیشن معطل کروادیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امیر ترین طاقتور مراعات یافتہ مجرم نواز شریف کو چھوڑنا ہے تو پھر جیلوں میں بند مرغی چوروں اورجیب کتروں کو بھی چھوڑ دیا جائے۔ نواز شریف 5 دن بھی جیل میں نہیں گزارتے اور ضمانت کی درخواست دائر کر دی جاتی ہے اور یہ درخواستیں بلاتاخیر سماعت کے لیے مقرر بھی ہو جاتی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا نوٹیفکیشن معطل کیے جانے کے حوالے سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی دائر اپیل پر فی الحال تاریخیں مل رہی ہیں۔
تبصرہ