احتساب کا گلا گھونٹا جارہا ہے، یہ نظام لٹیروں کیلئے ہے: خرم نواز گنڈاپور
ہمارے احتجاج کو جمہوریت کے خلاف سازش کہنے والے اپنے مسائل کا حل سڑکوں پر دیکھ
رہے ہیں
حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاءون کرے:سیکرٹری
جنرل
مہنگائی کی جڑ سابق حکمرانوں کے زیر سایہ پرورش پانے والا ناجائز منافع خور اور
ذخیرہ اندوز مافیا ہے
لاہور (16 مئی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتساب کا گلا گھونٹا جارہا ہے، یہ نظام صرف لٹیروں کے ریلیف کیلئے ہے، جب ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی ایف آئی آر درج کروانے اسلام آباد گئے تو ہمارے دھرنے کو جمہوریت کے خلاف سازش قرار دیا گیا، آج تاریخ کی عددی اعتبار سے مضبوط ترین اپوزیشن اپنے مسائل پارلیمنٹ کی بجائے سڑکوں پر حل کیوں کرنا چاہتی ہے قوم چاہتی تو اب تک اس گلے سڑے نظام سے نجات مل چکی ہوتی عوامی تحریک نے تو ظالم نظام سے نجات کے لیے جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف عہدیداروں اور وفود سے بات چیت کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ویلج کونسل کا غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن اچھا فیصلہ ہے، کارکن حصہ لینے کی تیاریاں کریں، تنظیم سازی اور رکنیت سازی بھی کی جائے، خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوا ہے، حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاءون کرے، مہنگائی کی جڑ سابق حکمرانوں کے زیر سایہ پرورش پانے والا ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا ہے جوایک تیر سے کئی شکارکررہا ہے، ایک طرف عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور دوسری طرف مصنوعی مہنگائی کے ذریعے سیاسی مسائل کوجنم دے رہا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، ناجائز منافع خور لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں پہلی بار حالیہ رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی جو حالیہ موسم گرما میں ایک ریلیف ہے۔
تبصرہ