ڈاکٹر طاہرالقادری انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بنانے کے حامی ہیں: عوامی تحریک
قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی مخالفت کرنے والی ن لیگ قرارداد پاس کروا چکی ہے
سیاسی جماعتوں کے ڈبل سٹینڈرڈ کی وجہ سے سیاست بدنام ہوئی، نوراللہ صدیقی مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (15 مئی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے 2010ء میں جنوبی پنجاب، بہاولپور کو الگ صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کی تھی، آج قومی اسمبلی میں اس موقف سے منحرف ہونا دوہرا پن ہے، سیاسی جماعتوں کے ’’ڈبل سٹینڈرڈ‘‘ کی وجہ سے سیاست اور سیاسی جماعتیں بدنام ہوئیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کررہے تھے۔
نوراللہ صدیقی نے کہا کہ مزید صوبے بننے سے عوامی مسائل کو حل کرنے اور لاء اینڈ آرڈر کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، خطہ کے تمام ممالک نے 70 سالوں میں انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے قائم کیے مگر پاکستان میں اس طرف توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے سول آمریت قائم ہو چکی ہے اور پورا ملک 4 افراد جو وزرائے اعلیٰ کہلاتے ہیں ان کے رحم و کرم پرہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بنانے کے پرزور حامی ہیں۔
تبصرہ