ڈاکٹرز انسانیت کے مسیحا اور قوم کا اثاثہ ہیں، حکومت انکے جائز مطالبات فوری حل کرے: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹرز ہڑتال ختم کر کے غریب، لاچار، مستحق مریضوں کا سہارا بنیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (12مئی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز انسانیت کے مسیحا اور قوم کا اثاثہ ہیں۔ ان کا پیشہ عبادت سے کم نہیں، بلکہ صدقہ جاریہ ہے۔ حکومت قوم کے ان مسیحاءوں کے جائز مطالبات فوری اور سنجیدگی سے حل کرے۔ ڈاکٹرز بھی اپنے جائز مطالبات کےلئے آواز ضرور اٹھائیں لیکن ہڑتال ختم کر کے مریضوں کی خدمت کریں یہی ان کے مقدس پیشے کا تقاضا ہے۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کےلئے دور دراز سے آنیوالے مریض پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں، میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز اپنے مطالبات اور حقوق کےلئے آواز ضرور بلند کریں مگر ہڑتال ختم کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اپنی عاقبت سنواریں۔ خدمت انسانیت ہی اسلام کا اصل فلسفہ ہے۔ خرم نواز گنڈ ا پور نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے غریب مریض خوار ہو رہے ہیں، غریبوں کو تو مہنگائی کے اس دور میں علاج کی سہولتیں پہلے ہی میسر نہیں انکا واحد آسرا سرکاری ہسپتال ہیں۔ ہماری اپیل ہے کہ ڈاکٹرز اپنا حق لینے کےلئے انسانی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ہ میں امید ہے کہ ڈاکٹرز ہماری اپیل پر ہمدردانہ غور کریں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کا حل فوری ہونا چاہیے،باعزت اور یقینی ہونا چاہیے اس اہم مسئلے کا مزید طوالت اختیار کرنا کسی طور پر درست نہ ہوگا۔ حکومت ڈاکٹرز کے مطالبات کو پہلی ترجیح بنائے اور انکے مسائل کو فی الفور حل کرے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے روز گار کے ساتھ ساتھ غریب‘ لاچار‘ مستحق مریضوں کا سہارا بنیں۔ ڈاکٹرز کو اللہ تعالی نے طب کی تعلیم‘ ٹیکنالوجی اور ہنر سے نوازتے ہوئے ان کے ہاتھوں میں شفاء رکھی ہے اور میڈیکل کی کٹھن تعلیم ان کے لئے اللہ کا انعام ہے جسے انہیں خدمت خلق کے لئے بروئے کار لانا چاہئے۔
تبصرہ