بلوچستان میں دہشتگردی پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
شہریوں کو چن چن کر مارا جارہا ہے، مکران کوسٹ دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں
دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن ریاستی طاقت استعمال کی جائے:سربراہ پاکستان عوامی تحریک
لاہور (18 اپریل 2019) قائد منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر فورسز کے جوانوں اور سویلین کی ٹارگٹ کلنگ اور شہریوں کو کوچز سے اتار کر شہید کیے جانے کے دل سوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہیں۔ پے در پے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ ایک منظم گروہ پوری تیاری کے ساتھ بلوچستان میں آگ اور خون کا کھیل کھیل رہا ہے اور چن چن کر پاکستانی شہریوں اور فورسز کے جوانوں کا خون بہایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے دشمنوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے تمام ریاستی وسائل اور قوت بروئے کار لائی جائے، دو روزقبل ہزارہ میں بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا گیاتھا، ابھی اس خون کے دھبے بھی نہیں مٹے تھے کہ مزید 14 شہریوں کو شہید کر دیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، بلوچستان میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال تشویشناک ہو چکی ہے، دہشتگرد دندناتے پھررہے ہیں، ان کے خلاف فیصلہ کن آپریشن ناگزیر ہو گیا۔ حالیہ کارروائیوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا، پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا اور معیشت کا پہیہ جام کرنا ہے۔
تبصرہ