پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ بلوچستان سے نکلتا ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے صوبائی صدر وڈیرہ سلطان الدین شاہیوانی کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
بلوچستان میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے: سلطان الدین شاہیوانی
لاہور (3 مارچ 2019) پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے صوبائی صدر وڈیرہ سلطان الدین شاہیوانی نے مرکزی سیکرٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے سیاسی و تنظیمی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر عارف چودھری بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے۔ بلوچستان کا امن اور خوشحالی پاکستان کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ بلوچستان کے عوام تکلیف دہ حالات سے دوچار ہیں۔ ان مسائل اور مشکلات کا اذالہ کرنا مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ صوبہ کی پسماندگی و خستہ حالی کے ذمہ دار سابق نااہل اور نالائق حکمران ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ بلوچستان سے نکلتا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلوچ عوام مہمان نواز ، رحم دل اور دوست ہیں۔ اکیلا بلوچستان پورے ملک کو پال سکتا ہے۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں بلوچستان میں غربت ، دہشت گردی اور ہلاکت خیز بھوک کو جنم دیا۔ ناانصافی اور ظلم پر مبنی طرز حکمرانی کے خلاف بلوچ عوام نے ذمہ داری کے ساتھ آواز اٹھائی۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ہم سب کو ملکر اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے عوام کو یکساں میسر ہوں۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کے موجودہ مرکزی و صوبائی حکمرانوں کو بلوچستان کے حالات اور پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ وڈیرہ سلطان الدین شاہیوانی نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور عوامی تحریک کو مقبولیت و پزیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام مجب وطن پاکستانی ہیں۔ غیور بلوچ پاکستان کی خوشحالی ، استحکام اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں۔
تبصرہ