سیاسی بیداری شعور میں عوامی تحریک کا کردار، تقاریب منعقد کرنیکا فیصلہ
اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کو قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا کی تالیف پر خراج تحسین پیش کیا گیا
بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیکرپارٹی کو مزید فعال کیا جائیگا، اجلاس میں فیصلہ
سابق حکمرانوں کی کرپشن اور نا اہلیوں نے بلدیاتی اداروں کو تباہ کیا: عارف چوہدری
چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل، ثاقب بھٹی، میاں افتخار، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری کی
اجلاس میں شرکت
لاہور (11 فروری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں صدر لاہور چوہدری افضل گجر کی صدارت میں منعقدہوا، اجلاس میں پی اے ٹی لاہور کے عہدیداران، پی پی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی اے ٹی لاہور کی تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم اور بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کیلئے عہدیداران کو اہداف دئیے گئے۔ لاہور میں پارٹی کو متحرک اور فعال کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ صدر عوامی تحریک لاہور نے عہدیداران سے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں مشاورت کی اور آنیوالے بلدیاتی انتخابات کیلئے تجاویز لیں۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام پورے ضلع میں ’’سیاسی بیداری شعور میں عوامی تحریک کا کردار‘‘ کے عنوان سے ورکرز کنونشنز، سیمینارز اور اجلاس منعقد کئے جائیں گے، پہلا اجلاس 15 فروری جمعہ کو دھرم پورہ لاہور میں منعقد ہو گا، سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور مہمان خصوصی ہونگے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی، اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو امت مسلمہ کیلئے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا کو ملت اسلامیہ کی عظیم خدمت قرار دیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی اے ٹی لاہور کے زیراہتمام قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں آئندہ ماہ ایک پر وقار تقریب منعقد کی جائیگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عارف چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے وہ رہنما جو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ تیاری کریں اپنی یونین کونسلز میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں۔ پی اے ٹی کی کرپشن کے خاتمے کی مہم یونین کونسلوں تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک لاہور کا اصل ہدف بلدیاتی انتخابات ہیں۔ غریب عوام کو ساتھ ملا کر عوامی تحریک کو بڑی اور منظم عوامی جماعت بنائیں گے۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری لاہور شفاقت مغل، ثاقب بھٹی، ڈاکٹر سلطان محود چوہدری، سعید گجر اقبال گجر، میاں افتخار و دیگر بھی موجود تھے۔
لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بلدیاتی اداروں کواہم اور جمہوریت کی پہلی سیڑھی سمجھتے ہیں۔ پی اے ٹی لاہور بلدیاتی اداروں کی بہتری اور آئینی اختیارات کے حصول کیلئے بھر پور سیاسی کردار ادا کریگی۔
تبصرہ