چور منسٹر انکلیو میں ’’قید‘‘ ہیں، یہ کیسا احتساب اور کیسی جیل ہے؟ خرم نواز گنڈاپور
قومی لٹیروں کو جلوسوں کی صورت میں جیلوں سے لایا اور لے جایا جائے گا تو کرپشن بڑھے گی
اس نظام کے ہوتے ہوئے کوئی تبدیلی ممکن نہیں، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (6 فروری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قومی لٹیروں کو قافلوں کی صورت میں جیلوں میں پہنچانے اور لانے والے نظام میں عوام کی حیثیت محض ایک پیادے کی ہے، قومی لٹیروں کو ہیروز کی طرح کوریج ملے گی تو برائیاں کم ہونے کی بجائے بڑھیں گی، یہ کیسا احتساب ہے کہ اربوں کے غبن میں زیر حراست اور بے گناہ شہریوں کا قاقل منسٹر انکلیو میں قید ہے، ایک طرف غریب قیدی ناکردہ گناہوں کی عبرتناک سزائیں بھگت رہے ہیں اور دوسری طرف اربوں کی لوٹ مار میں ملوث ’’شاہی قیدی‘‘ گلچھڑے اڑارہے ہی، قانون سب کے لیے ایک ہے تو پھر اس کا اطلاق بھی سب پر یکساں ہونا چاہیے، وہ یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ نظام میں بہتری کی کوئی گنجائش نہیں ہے، قومی لٹیرے بظاہر حکومت سے باہر ہیں لیکن ان کے بغیر نہ کوئی بل پاس ہو سکتا ہے اور نہ کوئی ترمیم اور عملاً عوام بند گلی میں کھڑے ہیں، اس نظام میں نیک نیت انسان بھی بے بس ہے، انہوں نے کہا کہ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس نظام کے خلاف بیداری شعور مہم چلائی اور قوم کے بچے بچے کو اس کے حقوق سے آگاہ کیا، کیا آج اس نظام سے نفرت تو کی جاتی ہے مگر اسے بدلنے والی فورسز ٹس سے مس نہیں ہورہیں، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی پٹڑی پر چڑھانے کیلئے نظام بدلنا ہو گا۔
تبصرہ