سوا کروڑ کشمیری آزادی کا حق مانگ رہے ہیں: خر م نواز گنڈاپور
کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک تسلیم کر چکے ہیں
دنیا کے موثر ممالک بھارت کو رائے شماری کیلئے آمادہ کریں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (5 فروری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عالمی امن اور برصغیر کے کروڑوں انسانوں کو تباہی و بربادی سے بچانا ہے تو سوا کروڑ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہو گا۔ سوا کروڑ کشمیریوں کا حق خود ارادیت 70 سال قبل اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک تسلیم کر چکے ہیں۔ دنیا بھارت کو رائے شماری کیلئے آمادہ کریں، کشمیری کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ کشمیریوں کی چوتھی نسل اپنے خون سے آزادی کی داستان رقم کر رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو جلد حل کرنا ہوگا تاکہ کشمیری بھی آزادی کی کھلی فضا میں سانس لے سکیں۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک آزاد کشمیر کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار منصور، غلام علی خان، مراد دانش، محمد موسیٰ، نوشیرواں عاصم، محمد بلال، عین الحق و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کا حق انہیں دلائے، حکومت پاکستان بطور فریق مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایوانوں میں ایک بار پھر پوری طاقت سے اٹھائے، عالمی طاقتوں اور یورپی دنیا کے سامنے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد اجاگر کرے، انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی خواب غفلت سے جاگنا ہوگا، حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بھی آگے بڑھے، دنیابھر میں پھیلے پاکستانی اور کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کریں۔ دنیا کو سمجھنا ہو گا کہ کشمیر دو ایٹمی ممالک کے درمیان وجہ تنازعہ ہے۔ 70 ہزار سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں، امن پسند ممالک مسئلہ کشمیر حل کروائیں۔
تبصرہ