قومی مجرم نواز شریف طبی بنیادوں پر کسی ریلیف کے مستحق نہیں: خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف دل کے’’4 آپریشن‘‘ کروانے کے باوجود فوج اور
عدلیہ کے خلاف مارچ کرتے رہے
اگر بڑوں کو سزا نہیں دینی تو چھوٹے مجرموں کو بھی چھوڑ دیا جائے: سیکرٹری جنرل
عوامی تحریک
لاہور (28 جنوری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر قانون سب کیلئے ایک جیسا ہے تو پھر قومی لٹیرے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ریلیف نہیں ملنا چاہیے، قومی مجرم کسی ریلیف کا مستحق نہیں اگر نواز شریف کو چھوڑنا ہے تو پھر معمولی جرائم میں سزائیں بھگتنے والے تمام مجرموں کو چھوڑ دیا جائے، قانون کا مذاق نہ اڑایا جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف لندن سے دل کے’’ 4 آپریشن‘‘ کروانے کے بعد فوج اور عدلیہ کے خلاف جلسہ جلوس کھیلتے رہے۔ اور مکمل فٹ رہے۔ اب کرپشن میں سزا ہوئی تو بیمار ہو گئے اور طبی بنیادوں پر انکی ضمانت پر رہائی کے اشارے آ رہے ہیں۔ اگر بڑے چوروں کو جیلوں میں نہیں رکھنا تو پھر معمولی جرائم میں ملوث مجرموں کو بھی چھوڑ دیا جائے کیا قانون کا شکنجہ صرف غریب کی گردن کیلئے ہے؟ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب تک لٹیروں کے پاس اقتدار ہوتا ہے تو یہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کرتے ہیں جیسے ہی احتساب کا شکنجہ ان کی طرف بڑھتا ہے تو یہ بیمار ہو جاتے ہیں۔
نواز شریف جب تک لوٹی دولت واپس نہیں کرتے انہیں کوئی ریلیف نہیں ملنا چاہیے۔ اگر قوم سے کوئی نیا این آر او اور دھوکہ ہوا تو اس کے تباہ کن اثرات ہونگے، مجرم کو سزا دلوانے کیلئے قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے اخراجات ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حدیث نبوی ہے کہ پہلی امتیں اس لئے تباہ ہوئیں کہ وہ جرم کرنے والی اشرافیہ کو چھوڑ دیتی تھیں اور کمزوروں کو سزا دیتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی لٹیروں کو رعائیتں دینے کی سوچ رکھنے والے مذکورہ حدیث نبوی کو پیش نظر رکھیں۔
تبصرہ