وفاقی وزراء ایک گاڑی میں اور قومی لٹیرا اپوزیشن لیڈر بن کر چار، چار گاڑیوں میں گھوم رہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
قومی لٹیروں کو ماورائے قانون جتنا ریلیف ملے گا وہ اتنا ڈسیں گے: خرم نواز گنڈاپور
کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب کے سوا عمران خان کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں
چلے ہوئے پارلیمانی کارتوس ظالم سے مظلوم بننے کی ڈرامہ بازی کررہے ہیں، گفتگو
لٹیروں کے خلاف مقدمات نمٹانے کیلئے حکومت بہترین قانونی دماغوں کی خدمات لے
ساہیوال واقعہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی روک تھام کیلئے پولیس جوڈیشری میں اصلاحات ناگزیر ہیں
عام آدمی کے مسائل نظر انداز کر کے ملکی معیشت ٹھیک کرنے کی حکمت عملی تبدیل کی جائے
لاہور (25 جنوری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب کے سوا وزیراعظم عمران خان کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں، چلے ہوئے کرپٹ پارلیمانی کارتوس غدار سے محب وطن اور ظالم سے مظلوم بننے کی ڈرامہ بازی کررہے ہیں، قومی لٹیروں کے خلاف مقدمات نمٹانے کے لیے حکومت بہترین قانونی دماغوں کی خدمات لے، ساہیوال واقعہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات سے بچنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ جوڈیشری اور پراسیکیوشن میں بھی بلاتاخیر انقلابی اصلاحات لائی جائیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنان سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی وزراء ایک گاڑی میں اور قومی لٹیرا اپوزیشن لیڈر بن کر چار، چار گاڑیوں میں گھوم رہا ہے اور بجائے اس کے کہ اس کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹ مار کا مال نکالاجائے الٹا وہ خزانے پر بوجھ بنا ہوا ہے، یہی اس نظام کا وہ مکروہ چہرہ ہے جس کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری اور اس کے کارکنوں نے جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں، اس نظام میں حکومت بھی بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے، اس کے پاس بھی لٹیرے کو پروٹوکول دینے، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جمہوری نہیں مافیا اپوزیشن کا سامنا ہے، جنہوں نے 3 دہائیوں پر مشتمل اپنے فاشسٹ اقتدار کے ذریعے ملک کو سود اور قرضوں کے جال میں جکڑا، اداروں کو تباہ کیا، ملکی معیشت کو برباد اور غربت میں اضافہ کیا، دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹ کر بیرون ملک محلات تعمیر کیے وہ آج 6 ماہ کی حکومت کو تمام مسائل کا ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے لوٹ مار کا پیسہ پانی کی طرح بہارہے ہیں اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلا تمیز اور بلاتاخیر احتساب کا نعرہ بلند کیا تھا اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے اس نعرے کو عملی جامہ پہنائیں چاہے اس کی انہیں کوئی بھی قیمت چکانا پڑے، انہوں نے کہا کہ بعض ناسمجھ انہیں پارلیمنٹ چلانے کے لیے ’’ہتھ ہولا‘‘ رکھنے کے مشورے بھی دینگے لیکن یہ بہت بڑی خود فریبی ہو گی، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس سے ہی ملکی معیشت اور جمہوریت ٹریک پر آئے گی، انہوں نے کہا کہ جنہیں سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا اور انہیں کرپشن کیسز میں سزائیں ہوئیں اور بقیہ میگا کرپشن کے کیسز میں زیر حراست ہیں وہ عناصر اگرحکومت کو ٹف ٹائم دیں اور حکومت دفاعی پوزیشن پرکھڑی نظر آئے تو یہ بہت بڑا المیہ اور سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ معیشت کی بہتری کے لیے کرپشن کے خاتمے، سرمایہ کاری میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کرے، اس کے علاوہ زراعت اور صنعت کے پہیے کو پوری رفتار سے گھمانے میں سٹیک ہولڈرز کی مددکرے، بجلی، گیس، پٹرول، سبزیوں، دالوں، دودھ، دہی کی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی معیشت پاؤں پر کھڑی نہیں ہو گی، یہی وہ کمزور پہلو ہے جس سے مافیا اپوزیشن فائدہ اٹھا کر رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے گی۔
تبصرہ