ساہیوال واقعہ: ناموں کے بغیر ایف آئی آر انصاف کا قتل عام ہے: عوامی تحریک
یہی واردات شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ بھی کی گئی تھی:
خرم نواز گنڈاپور
وزیراعظم کے نوٹس کے باوجود ملوث اہلکاروں کو بچانے کیلئے پولیس نے قانونی’’سہولت
کاری‘‘ شروع کر دی
شہباز شریف، حمزہ شہباز بے گناہوں کے قاتل، بیان بازی کر کے کس کو بے وقوف بنا رہے
ہیں
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزائیں مل جاتیں تو ساہیوال میں بے گناہ نہ مرتے
لاہور (20 جنوری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ کے قتل عام میں ملوث اہلکاروں کے ناموں کے بغیر ایف آئی آر کا اندراج بدنیتی اور انصاف کے قتل عام کا آغاز ہے، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے نوٹس لینے کے باوجود پولیس نے ملوث اہلکاروں کو بچانے کیلئے قانونی’’سہولت کاری‘‘ شروع کر دی، یہی واردات شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ بھی کی گئی تھی۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے نام ایف آئی آر سے نکلوانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف حمزہ شہباز خود بے گناہوں کے قاتل اور درندے ہیں وہ ساہیوال واقعہ پر بیان بازی کر کے کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟ قاتل شریف خاندان نے تو ماڈل ٹاؤن سانحہ میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کو نہ صرف تحفط دیا بلکہ ترقیاں دیں اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزائیں مل جاتیں تو ساہیوال میں بے گناہ نہ مرتے۔
تبصرہ