دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کو بلا تاخیر توسیع دی جائے: خرم نواز گنڈاپور
سیاستدان کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی حمایت
کریں
70 ہزار بے گناہوں کی جانیں لینے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، وفود
سے گفتگو
لاہور (19 جنوری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کوبلاتاخیر توسیع دی جائے، سیاستدان کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی حمایت کریں۔ 70 ہزار بے گناہوں کی جانیں لینے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، کرپشن کے خاتمے کی جنگ ہو یا دہشتگردی کی پارلیمانی قیادت کی طرف سے تحفظات کا اظہار لمحہ فکریہ ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور سے آئے عوامی تحریک کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے کو سیاست سے جوڑنا اور اسے اپنے لیے ریلیف کا ذریعہ بنانے کی سوچ حب الوطنی کے تقاضوں کے برخلاف ہے۔ جب قومیں ہنگامی حالات سے دو چار ہوتی ہیں تو فوری اور خصوصی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، امریکہ جیسے جمہوری ملک میں بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی فوجی عدالتیں اور اڈے قائم کیے گئے، دہشت گردعام عدالتی نظام اور پراسیکیوشن کی کمزوریوں کا جو فائدہ اٹھاتے ہیں۔ فوجی عدالتوں میں توسیع کے فیصلے سے دہشتگردوں کو ملنے والی قانونی سہولتیں ختم ہو جائیں گی، دہشتگرد کسی قانونی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں، ان کے فیصلے سپیڈی ٹرائل سے ہی ممکن ہیں۔ فوجی عدالتوں کے فنکشنل ہونے سے ہی دہشتگردی کے مکمل خاتمے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ 70 ہزار بے گناہوں کی جانیں لینے والے دہشتگرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے ایک جامع پلان رکھتی ہے جس کا اظہار قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بارہا قوم کے سامنے کر چکے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری ہی وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے متبادل بیانیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن سفیر امن ہیں اور اتحاد بین المسلمین کیلئے سب سے آگے ہیں۔
تبصرہ