ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تنظیمی دورے پر بیرون ملک روانہ
فروری کے آخری ہفتے انڈیا کے دو ہفتے کے تنظیمی دورہ کے بعد وطن واپس لوٹیں گے
کارکنوں کی انتھک جدوجہد سے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل ممکن ہو سکی: ڈاکٹر طاہرالقادری
ان شاء اللہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف ملے گا، ایئرپورٹ پر کارکنوں سے گفتگو
لاہور (18 جنوری 2019) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری آج علی الصبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے براستہ استنبول کینیڈا کے لئے روانہ ہوئے، وہ فروری کے آخری ہفتے انڈیا کے دو ہفتے کے تنظیمی دورہ کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈا پور، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، حافظ غلام فرید سمیت عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے انہیں ائیر پورٹ پر الوداع کہا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ائیر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں منہاج القرآن اصلاح احوال اور احیائے دین کے ساتھ دکھی انسانیت کے لیے بے مثال جدوجہد کر رہی ہے، ہماری تحریک عہدوں کی مرہون منت نہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے منہاج القرآن نے سینکڑوں تعلیمی ادارے قایم کیے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلاحی اداروں کا نیٹ ورک قائم کیا، جس سے لاکھوں کروڑوں نفوس مستفید ہو رہے ہیں، ہر قسم کی نفرت، تعصب اور انتہا پسندی سے پاک پاکستان اور عالم اسلام کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی استقامت اور کارکنوں کی ان تھک جدوجہد سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل ممکن ہو سکی انشاء اللہ انصاف کے باقی مراحل بھی قانون کے مطابق انجام پائیں گے اور ورثا کو انصاف ملے گا۔
تبصرہ