حکومت نے خون بہائے بغیر 1لاکھ ایکڑ زمین واگزار کروائی: خرم نواز گنڈاپور
شہباز شریف نے بیریئر ہٹانے کی آڑ میں خون کی ہولی کھیلی، ن لیگ بین ہونی چاہیے
ن لیگ کے دو چار لیڈر نہیں، اوپر سے لے کر نیچے تک سب کرپٹ ہیں، سیکرٹری جنرل
شریف برادران نے کرپشن کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا، گفتگو
لاہور (26 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن کے اطراف میں عدالتی حکم پر لگے حفاظتی بیریئر تو نظر آئے مگر ن لیگ کے اراکین اسمبلی کے سرکاری زمینوں پر قبضے نظر نہ آئے، لیگی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے اور سرکاری وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، ن لیگ کے دو چار لیڈر ہی نہیں اوپر سے لے کر نیچے تک سب نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قبضے کی زمینوں کے خلاف چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے نوٹس اور سخت ایکشن قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اینڈ کمپنی نے ماڈل ٹاؤن میں بیریئر ہٹانے کی آڑ میں منصوبہ بندی کے تحت خون کی ہولی کھیلی جبکہ موجودہ حکومت نے 170 ارب روپے مالیت کی قبضہ شدہ ایک لاکھ ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروائی اور کوئی زخمی تک نہیں ہوا، اگر شہبازحکومت کا مقصد بیریئر ہٹانا ہوتا تو ماڈل ٹاؤن میں خون کا ایک قطرہ نہ بہتا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ایم این اے نے جوہر ٹاؤن میں 10 کنال قیمتی سرکاری زمین اپنے گھر میں شامل کی حکومت نے واگزار کروایا اور کوئی تصادم ہوا اور نہ درجنوں تھانوں کی پولیس کو جمع کرنے کی ضرورت پڑی، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی بھاری نفری کو رات کو جمع کیا گیا تھااور عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنوں کو مشتعل کرنے اور ردعمل دینے پر اکسایا جاتا رہا۔ ان کاپلان تھا کہ ردعمل کے بعد ایکشن کیا جائے گا لیکن کارکن پرامن رہے، بالآخر پولیس نے یکطرفہ ایکشن کر کے منصوبے کے تحت لاشیں گرائیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ن لیگ بدعنوانوں اور قاتلوں کا ٹولہ ہے، ن لیگ بطور جماعت بین ہونی چاہیے، شریف برادران نے کرپشن کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا، فوج، عدلیہ اور آئینی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم چلائی، ایسے ملک دشمن عناصر کو سیاست کی آڑ میں کھل کھیلنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔
تبصرہ