قوم سے وعدہ ہے نیب جسے پکڑے گا اس کے پیچھے نہیں جائینگے : مسرت جمشید چیمہ
’’قائداعظم کا پاکستان‘‘ عوامی تحریک کے سیمینار میں کرپشن کی سزا موت کی قرارداد منظور
شریف خاندان نشان عبرت بن چکا، قوم کو دھوکہ دینے والے دربدر ہیں، مقررین
سیمینار سے قیوم نظامی، میاں عمران مسعود، مسرت جمشید چیمہ، خرم نواز گنڈاپور و دیگر
کا خطاب
لاہور (24 دسمبر 2018) ’’قائداعظم کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں قرارداد منظور کی گئی کہ کرپشن کی سزا موت مقرر کی جائے جس کی شرکائے سیمینار نے متفقہ طور پر منظوری دی، سیمینار میں رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کو کرپشن کی سزا موت مقرر کیے جانے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرانے پر مبارکباد دی گئی، سیمینار میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا کہ سانحہ کے ذمہ دار عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
سیمینار سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور، دانشور کالم نویس قیوم نظامی، سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، عارف چودھری، چودھری افضل گجر و دیگر نے خطاب کیا اور تقریب کے اختتام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 142ویں سالگرہ پر کیک کاٹا گیا۔ بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، سہیل رضا، مظہر محمود علوی نے بھی شرکت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو کرپشن، لالچ اور ہوس اقتدار نے تباہ کر دیا، نواز شریف کا جرم سنگین، سزا تھوڑی ہے لہٰذا نیب سزا بڑھانے کیلئے اپیل میں جائے۔
قیوم نظامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان سیاست، معیشت اور جمہوریت کے ماہر تھے، آج کل کے سیاستدان صرف لوٹ مار کے ماہر ہیں، انہوں نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر خصوصی تقریب منعقد کرنے پر عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایسا معاشی، سیاسی نظام چاہتے تھے جس میں سب کو انصاف ملے۔
سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون 2014 ء کی شہادتوں کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں، کرپشن کے خاتمے کیلئے عدلیہ اور احتساب کے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے، دیانتدار قائداعظم نے پاکستان بنایا، کرپٹ سیاسی عناصر نے اسے نقصان پہنچایا، خود احتسابی سے ہم ایک قوم بنیں گے، ثابت ہو گیا ایمانداری ہی سب سے بڑا اثاثہ ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نواز شریف صرف کاروبار کرتے رہتے تو کوئی مسئلہ نہ تھا مگر انہوں نے ملک لوٹ کر بیرون ملک محلات تعمیر کیے، چوری کا مال بھی پاکستان میں نہیں رکھا، ایسے لوگ کس منہ سے پاکستان کا اقتدار چاہتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا قوم سے وعدہ ہے کہ جو بھی نیب کی گرفت میں آئے گا حکومت اس کے پیچھے نہیں جائے گی، قانون سب کیلئے برابر ہے، کرپٹ عناصر کو سزائیں بارش کا پہلا قطرہ ہے، ابھی موسلا دھار رحمت کی بارش ہو گی، چند درجن خاندانوں نے 22 کروڑ عوام کے مفاد سے کھیلا، نواز شریف کی سزا عبرت کا ایک باب ہے، سیاست عزت اور خدمت کیلئے ہوتی ہے مگر آج شریف خاندان کی خاک اڑ رہی ہے۔
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کرپشن کے خاتمے کی سزا موت ہونی چاہیے کی قرارداد پیش کی جسے شرکائے سیمینار نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
عارف چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کے افکار پر عمل میں پاکستان کی خوشحالی پوشیدہ ہے۔
افضل گجر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل عبرتناک انجام سے دو چار ہونگے۔ بانی پاکستان نے عام آدمی کے تحفظ کیلئے ملک بنایا تھا مگر کرپٹ اشرافیہ نے اپنے اقتدار کیلئے معصوم شہریوں کا قتل عام کیا، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو پھانسی چڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
تبصرہ