کرپشن کے سیاسی کردار غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار ہیں: خرم نواز گنڈاپور
خطرات کے مرکزی کردار ہمارے اپنے لوگ، آرمی چیف کا بیان حقیقت
ہے
نیب پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگانے والے کرپٹ ہیں یا سہولت کار
لاہور (23 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان کہ خطرات کے مرکزی کردار ہمارے اپنے لوگ ہیں، حقیقت ہے، کرپشن کے سیاسی کردار غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار ہیں ان سنپولیوں کے سر کچلنے کا وقت آ گیا ہے، احتساب میں مصلحت کا مطلب سلامتی پر کمپرومائز کرنا ہو گا، ہماری سیاست کا یہ بھیانک چہرہ ہے کہ مرکزی قائدین کی اعلانیہ کرپشن پر بھی سیاسی جماعتوں کے عہدیداران باز پرس کرنے کی بجائے قانون اور اخلاقی اقدار کے مقابلے میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ نیب پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگانے والے یا تو خود کرپٹ ہیں یا پھر سہولت کار۔ پورے جسم کو بچانے کیلئے بعض اوقات کینسر زدہ باڈی آرگن کاٹنے پڑ جاتے ہیں۔
پاکستان بھی ایسے ہی علاج سے دو چار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست پر مافیا اور بلیک منی والوں کی گرفت ہے اسی لئے میڈیا سے لیکر پراپیگنڈہ مشینری کا ہر ٹول ایک خاص ایجنڈے کو پروموٹ کرتا ہے۔ آرمی چیف نے درست کہا کہ میڈیا فکری اور سائبر سپیس کے محاذ پر سرگرم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اس ظالم نظام اور اس کے پروردہ عناصر کے خلاف تنہا لڑتے رہے اور نظام کی تبدیلی کا نعرہ لگاتے رہے اور قربانیاں دیتے رہے۔ انہوں نے کرپٹ عناصر کے حوالے سے جو حقائق بیان کئے تھے آج ان کا اصل چہرہ پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب میں نرمی کا مطلب سلامتی پر کمپرومائز ہو گا۔
تبصرہ