پی اے ٹی کے زیراہتمام ’’قائداعظم کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار 24 دسمبر کو ہو گا
ڈاکٹر حسین محی الدین صدارت کریں گے، سیاسی جماعتوں کے رہنما
سمینارمیں شریک ہونگے
پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس ضلعی و صوبائی رہنماؤں کی شرکت، انتظامات کا جائزہ
لیا گیا
لاہور (21 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے حوالے سے 24 دسمبر کو ماڈل ٹاؤن میں’’قائداعظم کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے سمینار منعقد ہو گا۔ سیمینار کی صدارت صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین کریں گے۔ سیمینار میں سیاسی جماعتوں کے رہنما، صحافی، وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
دریں اثناء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 24دسمبر کے سیمینار کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چودھری افضل گجر، میاں افتخار، راجہ ندیم، ثاقب بھٹی، شفاقت مغل، ملک یاسین سمیت پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پی اے ٹی کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح سچے، کھرے لیڈر اور عظیم بین الاقوامی رہنما تھے، لیڈر اپنی ذات کے لیے اثاثے نہیں بناتے بلکہ ان کا جینا مرنا ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہوتا ہے، قائداعظم اپنے کردار کی وجہ سے عظیم انسان تھے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ملک سے جہالت کا خاتمہ کر کے جناح کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان عوامی تحریک قائداعظم کی سیاسی فکر پر مکمل یقین رکھتی ہے، بانی پاکستان ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں ہر طبقے کو برابر حقوق میسر ہوں۔
تبصرہ