بھارت تشدد بند اور کشمیری قیادت کو رہا کرے: خرم نواز گنڈاپور
نوجوان سوشل میڈیا پر کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی آواز بنیں، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (18دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تشدد بند اور کشمیری قیادت کو رہا کرے، اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں پاس کرنا کافی نہیں، موثر سفارتکاری کے ذریعے اقوام متحدہ کو وعدے یاد دلوائے جائیں، کشمیر کاز کو ہائی لائٹ کرنے کے لیے سفارت خانوں کو خصوصی ہدایات دی جائیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے بات چیت کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں مسئلہ کشمیر کو سرد خانے کی نذر کیا گیا، مودی کی یار حکومت قومی مفادات کا تحفظ کرنے کی بجائے ذاتی تعلقات نبھاتی رہی۔ نوجوان سوشل میڈیا پر کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں، خطہ میں امن کے لیے کثیر الملکی مذاکرات شروع ہوئے تو بھارت نے پرتشدد کارروائیاں بڑھا دیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت میں الیکشن قریب آتے ہیں کشمیر اور پاکستان مخالف رویے میں تشدد آجاتا ہے، یہ غیر ذمہ دارانہ عالمی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے خطہ کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، کشمیری قیادت کو قید کرنے، نظام زندگی معطل کرنے سے آزادی کی تحریک ختم نہیں ہو گی، جلد یا بدیر بھارت کو کشمیری عوام کے حق آزادی کے سامنے سر جھکانا پڑے گا۔
تبصرہ