سقوط ڈھاکہ کا واقعہ خود غرضی، ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا: خرم نواز گنڈاپور
سیاستدانوں نے ایسی غلطیاں کیں جنہوں نے معمولی زخموں کو ناسور بنا دیا
پشاور کے شہید بچوں نے خون کے نذرانے دیکر دہشتگردوں کو نفرت وعبرت کا نشان بنادیا
بھارت نے پاکستان کو دو لخت کرنے میں سازشی کردار ادا کیا: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (16 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جب قوم کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جائے تو پھر سانحات جنم لیتے ہیں۔ مشرقی پاکستان سقوط ڈھاکہ کا واقعہ خود غرضی اور ہوس اقتدار کی وجہ سے رونما ہوا، ہمسایہ ملک بھارت نے بھی پاکستان کو دو لخت کرنے میں سازشی کردار ادا کیا۔ مکتی باہنی کی آڑ میں مشرقی پاکستان میں را کے اہلکار لڑتے رہے۔ بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے سازشی کردار ادا کیا اور اس سازش میں حصہ دار بنے۔ اگر اس وقت کی قومی لیڈر شپ اقتدار کے لالچ اور خود غرضی کی بجائے زمینی حقائق، عوامی امنگوں کا ادراک کرتی تو ملک کبھی دو لخت نہ ہوتا۔ ہمارے اپنے لیڈروں کی غلطیوں پر بھارت نے پٹرول چھڑکا اور چنگاری کو الاؤ میں تبدیل کر دیا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر جواد حامد، عارف چوہدری، راجہ ندیم، چوہدری افضل گجر، میاں افتخار، شفاقت علی مغل و دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر ایک المناک دن ہے اس دن قائد اعظم کا پاکستان دو لخت ہوا، سیاستدانوں نے اقتدار کے لالچ میں ایسی غلطیاں کیں کہ جنہوں نے معمولی زخموں کو ناسور بنا دیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں اور اساتذہ نے آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔ شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا۔ آرمی پبلک سکول کے پشاور کے اساتذہ، بچوں اور شہدا کے والدین کے عزم و حوصلہ کو سلام پیش کرتے ہیں، پشاور کے شہید بچوں نے خون کے نذرانے دیکر دہشتگردوں کو نفرت وعبرت کا نشان بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ناگزیر ہے۔ 16 دسمبر 2014 کے دن نے پاکستانی قوم کے دلوں کو زخمی کر دیا۔ جام شہادت نوش کرنیوالے بچے، اساتذہ اور دہشتگردی کی جنگ میں جانیں قربان کرنیوالے فوجی جوانوں نے ہماری آزادی اور عزت نفس کو تحفظ دیا۔
تبصرہ