اربوں کی کرپشن کرنیوالے کو چیئرمین پی اے سی بنانا افسوسناک ہے: خرم نواز گنڈاپور
چور چوروں کا احتساب نہیں کر سکتا، مجرم بھائی کے غیر قانونی احکامات، کرپشن پر پردے ڈالیں گے
شہباز شریف قومی خزانے کا ڈاکو ہی نہیں، ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کے قاتل بھی ہے: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (13 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کیلئے شہباز شریف کے نام پر اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ ایک ایسا شخص جو خود اربوں کی کرپشن میں ملوث ہے، کرپشن کے متعدد مقدمات میں نیب کے پاس زیر تفتیش ہے اس شخص کو احتساب کے اہم عہدے پر بٹھانا ملک و قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انصاف کا ایک مروجہ اصول ہے کہ آپ اپنے ہی مقدمات میں کبھی منصف نہیں بن سکتے، اپنے ہی اکاوئنٹس خود چیک نہیں کر سکتے۔ شہباز شریف اپنی ہی حکومت میں ہونیوالی کرپشن کا احتساب کیسے کرینگے۔ چور چوروں کا احتساب نہیں کر سکتا، شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی سزا یافتہ ملزم نواز شریف کے حکم پر محکموں میں اربوں کھربوں کی بے ضابطگیاں کی ہیں۔ شہباز شریف اپنے مجرم بھائی کے غیر قانونی احکا مات اور کرپشن پر پردے ڈالیں گے۔ قومی دولت کی لوٹ مار کا احتساب ایماندار اورغیر جانبدار پارلیمنٹرین ہی کر سکتا۔ شہباز شریف کے چیئرمین پی اے سی بنائے جانے کے فیصلے پرافسوس ہوا۔ اگر اپوزیشن لیڈر کو ہی چیئرمین پی اے سی بنانا قانونی مجبوری ہے تو اس قانون پر بھی نظر ثانی ہونی چاہیے۔ شہباز شریف صرف قومی خزانہ لوٹنے والا مجرم ہی نہیں بلکہ ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کا قاتل اور 100 افراد کو گولیوں سے چھلنی کرنے کا بھی مجرم ہے۔ کرپشن کے گاما پہلوان کو چیئرمین پی اے سی بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
تبصرہ