تحریک انصاف کے راہنما اعجاز چوہدری کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
ڈاکٹر طاہرالقادری نے شہید کارکنوں کو انصاف دلوانے کی جنگ لڑنے کا حق ادا کیا: اعجاز چوہدری
ملاقات میں عارف چوہدری، حافظ غلام فرید، تنویر اعظم سندھو، افضل گجر، حاجی فرخ ودیگر شریک تھے
لاہور (7 دسمبر 2018) تحریک انصاف کے سینئر راہنما اعجازچوہدری نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے نئی جے آئی ٹی کا موقف تسلیم کیے جانے پر اظہار اطمینان کیا، اعجاز چوہدری نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب کارکنوں کو انصاف دلوانے کی قانونی جنگ لڑنے کا حق ادا کردیا، اس پر وہ بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں، اعجاز چوہدری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف کے لیے آواز اٹھانا سیاست سے بالا تر ہے، پاکستان کے عوام اور دنیا کی نظر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر ہیں، پہلے روز سے شہداء کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور مکمل انصاف کی فراہمی تک ساتھ رہیں گے، خرم نواز گنڈاپور نے اعجاز چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے موقف کی حمایت پر شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ملے، یہ اسی صورت ممکن ہے جب اس کی شفاف تفتیش ہوگی، شریف برادران نے پولیس افسروں اور اہلکاروں کو قربانی کے بکرے بنانے کی کوشش کی لیکن ہمارا اول روز سے یہ مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ کٹہرے میں آنے چاہییں۔ ملاقات میں عارف چوہدری، حافظ غلام فرید، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، چوہدری افضل گجر، اصغر ساجد، حاجی فرخ ودیگر شریک تھے۔
تبصرہ