میرٹ کے برعکس کی گئی بھرتیاں سلامتی کیلئے بڑا خطرہ بن گئیں: خرم نواز گنڈاپور
چینی قونصلیٹ پر حملہ میں ملوث دہشت گردوں میں ایک کی نشاندہی سرکاری ملازم کے طور پر ہوئی
دہشتگردی کی ایک بڑی وجہ سابق حکمرانوں کی کرپشن، اقربا پروری اور بیڈگورننس بھی ہے، گفتگو
لاہور (24 نومبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ میرٹ کے برعکس سرکاری محکموں میں ہونے والی بھرتیاں آج قومی سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملہ میں ملوث دہشت گردوں میں ایک کی نشاندہی بطور سرکاری ملازم ہوئی جو ایک المیہ ہے، کرپشن، اقرباپروری کے ذریعے میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، اس رویے سے صرف حق داروں کی حق تلفی ہی نہیں ہوئی بلکہ ریاست پاکستان کیلئے سنگین خطرات بھی پیدا کیے گئے، ملازمتوں کے کوٹے مقرر کیے گئے اور اہم ملازمتیں ریوڑیوں کی طرح بانٹی گئیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں جرائم پیشہ عناصر اور انتہا پسندی گروہوں کے تربیت یافتہ عناصر داخل کیے گئے جن کی نشاندہی پر خودکش دھماکے ہوئے اور اہم تنصیبات نشانہ بنیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کرپشن اور دہشتگردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جب تک یہ گٹھ جوڑ نہیں ٹوٹے گا دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ نہیں ہو گا، قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنا محض اتفاق نہیں بلکہ سابق حکومتی ٹولے نے اسے جان بوجھ کر ناکام بنایا، یہ قوم سے سنگین مذاق ہے کہ پاکستان میں 70 ہزار سے زائد انسانی جانیں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کسی پلان کو روبہ عمل نہیں آنے دیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے سوا کوئی سنجیدہ اقدام نہیں ہوا، حکومت قومی ایکشن پلان کو سنجیدگی سے نافذ کرے۔
تبصرہ