بے گناہوں پر ظلم ڈھانے والے آج قدرت کے انتقام کا شکار ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں، قائد تحریک منہاج القرآن
جن جیلوں میں بے گناہ کارکنوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا وہی جیلیں آج اشرافیہ کا ٹھکانہ ہیں
شریف دور حکومت میں جھوٹے مقدمات سے بری ہونے والے کارکنوں سے ملاقات، گفتگو
لاہور (9 نومبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بے گناہوں پر ظلم ڈھانے والے آج قدرت کے انتقام کا شکار ہیں، جن جیلوں میں ہمارے بے گناہ کارکنوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا وہی جیلیں آج اشرافیہ کا ٹھکانہ بنی ہوئی ہیں، یہ ابتدا ہے ہم اس کی انتہا بھی دیکھیں گے، ظالم اسی دنیا میں اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریف دور حکومت میں جھوٹے مقدمات سے بری ہونے والے کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے کارکنوں کو ظہرانہ بھی دیا اور ان کی ظلم کے خلاف جدوجہد اور جذبہ استقامت کو سراہا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ جس ظالم نظام کے خلاف کارکنوں نے طویل جدوجہد کی، قربانیاں دیں، عوامی شعور بیدار کیا، آج اس نظام کے خلاف ہر سطح سے صدائے احتجاج بلند ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاسی، جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، ظالم شریف برادران نے اپنی کرسی بچانے کیلئے بے گناہوں کا خون بہایا، درجنوں کو معذور کیا، بچوں کو یتیم کیا، خواتین کے دوپٹے چھینے مگر ان کے پاس کرسی رہی اور نہ عزت، لوٹ مار کی دولت بھی جلد خزانے میں جمع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں، ٹرائل کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک حصول انصاف کی جدوجہد جاری ہے، انہوں نے ملاقات کرنے والے کارکنوں کے جذبہ استقامت کو سراہا اور کہا کہ ظلم کے خلاف ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
تبصرہ