عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو آئی سی یو سے نکالا جائے: بشارت جسپال
حکومت کرپشن کنٹرول کر کے اور لوٹی گئی رقم ریکور کر کے گردشی قرضے اتارے: ریحان مقبول
لاہور (25 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے چھابڑی والے سے لے کر کم آمدنی والا ہر طبقہ متاثر ہوتا ہے۔ بجلی کے بل پہلے ہی لاتعداد ٹیکسوں سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں، اووربلنگ اس کے علاوہ ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے اعلان پر غریب پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ملکی معیشت مشکلات کا شکار ہے لیکن عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو آئی سی یو سے نکالا جائے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں تو اس کیلئے مثالی لاء اینڈ آرڈر کے بعد دوسرا نمبر سستی توانائی کا ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول سستے ہونگے تو عالمی سرمایہ کار سرمایہ کاری میں دلچسپی لیں گے اور مقامی صنعت بھی ترقی کرے گی۔
بشارت جسپال نے کہا کہ کسانوں کیلئے سستی بجلی کی فراہمی کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، کسان کو سہولتیں ملیں گی تو سستی خوراک میسر آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کنٹرول کر کے اور لوٹی گئی رقم ریکور کر کے گردشی قرضے اتارے۔ عوام مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ حکومت جلد سے جلد معاشی بحران پر قابو پائے۔
تبصرہ