فوج کے خلاف مہم چلانا، خبریں چھپوانا غداری ہے: بشارت جسپال
ڈان نیوز کے ایشو پر پرویز رشید اور طارق
فاطمی کی برطرفی غداری کے جرم کا اعتراف تھا
جعلی اکاؤنٹس سے 100 ارب کی ٹرانزیکشن پکڑنا کافی نہیں، ریکوری بھی کی جائے
آصف زرداری کی طرف سے ہاتھ ملانے کی بات پر جاتی امراء کے مکین خوشی سے نہال ہیں
نواز شریف کی سیاست اور جان، مال جب بھی خطرے میں آتے ہیں، آصف زرداری بچاتے ہیں
لاہور (23 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر فوج کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جو غداری ہے اور اس غدارانہ روش کو شریف خاندان نے اپنی سیاست بنا لیا ہے، ڈان نیوز کے ایشو پر پرویز رشید اور طارق فاطمی کی برطرفی غداری کے جرم کا اعتراف ہے۔ اگر وزیراعظم ہاؤس کے اندر سے فوج مخالف پروپیگنڈا نہیں ہوا تھا تو نواز شریف نے اپنے ساتھیوں کو برطرف کیوں کیا؟
انہوں نے کہا کہ پرویز رشید اور طارق فاطمی قربانی کے بکرے بنے مگر لگتا ہے یہ قربانی قبول نہیں ہوئی، نواز شریف فوج کے خلاف پروپیگنڈا کے لیے کبھی طلال کو استعمال کرتے ہیں کبھی دانیال کو آج کل نہال کو استعمال کررہے ہیں ۔
وہ کارکنوں، پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔ بشارت جسپال نے مزید کہا کہ جعلی اکاؤنٹس سے 100 ارب کی ٹرانزیکشن پکڑی گئی مگر ریکوری نہیں ہوئی، محض کرپشن کی نشاندہی اب کافی نہیں، لوٹی گئی دولت واپس بھی آنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی طرف سے نواز شریف سے ہاتھ ملانے کی بات سے جاتی امراء کے مکین خوشی سے پھولے نہیں سمارہے اور ان کی جان میں جان آگئی ہے، شریف خاندان کی سیاست یا جان، مال جب بھی کسی خطرے سے دو چار ہوتا ہے تو آصف علی زرداری نجات دہندہ بن کر آتے ہیں۔ اب بھی انہیں امید ہے کہ آصف علی زرداری انہیں بچا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی بات ریکارڈ پر ہے کہ شریف خاندان بچ جانے کے بعد اسی آصف علی زرداری کو کبھی لاڑکانہ اور کبھی لاہور کی سڑکوں پر گھسیٹنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، بشارت جسپال نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے سے متعلق وزیراعظم کی ہدایات کا خیر مقدم کرتے ہیں، ریلیف کے منتظر عوام کو یوٹیلٹی بلوں کے بوجھ سے بچایا جائے۔ سابق حکمرانوں کے پروردہ بیوروکریٹس آج بھی اپنے سابق آقاؤں کے لیے کام کررہے ہیں کیونکہ ان کے مالی مفادات یکساں ہیں، یہ بیوروکریٹس بجلی، پانی، ایل این جی، گیس، پٹرول اور ٹیلیفون کے بلوں میں اضافے کی تجاویز دے کر حکومت کو مشکلات سے دو چار کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینگے۔
تبصرہ