نہال ہاشمی کا ذہنی توازن درست نہیں مناسب علاج کی ضرورت ہے: خرم نواز گنڈاپور
پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات، ملکی
صورتحال پر تبادلہ خیال
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی توڑ پھوڑآزادی اظہار نہیں ہے: صمصام بخاری
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے جاوید نواز گنڈاپور کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا
لاہور (19 اکتوبر 2018) تحریک انصاف کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی صمصام بخاری نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور انکے بڑے بھائی جسٹس (ر) جاوید نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر صمصام بخاری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں پیش رفت دیکھ رہے ہیں انشا اللہ تعالیٰ جنہوں نے بے گناہ شہریوں کا خون بہایا وہ ضرور انجام کو پہنچیں گے۔تحریک انصاف انصاف کے بول بالا کیلئے بڑی سے بڑی قیمت چکانے کیلئے تیار ہے، دونوں رہنماؤں نے ن لیگ کے متحرک رہنما نہال ہاشمی کی طرف سے عدلیہ اور معزز ججز کے بعد افواج پاکستان کے بارے میں انتہائی سطحی گفتگو کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ نہال ہاشمی اپنے کرپٹ قائدین کی مرضی کے بغیر نہیں بولتے، قومی اداروں کی تضحیک کرنا شریف برادران کی پارٹی پالیسی ہے کیونکہ اداروں نے شریف خاندان کی 30سال پر پھیلی ہوئی کرپشن اور لوٹ مار کا پردہ چاک کیا ہے، انہوں نے کہاکہ نہال ہاشمی کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اسے مناسب علاج کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے رہنما کی ہرزہ سرائی سے افواج پاکستان سے محبت کرنے والے کروڑوں پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی، افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دے کر دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی اور وطن عزیز کے انچ انچ کا دفاع کیا۔
صمصام بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جس شاخ پر بیٹھی ہے اس پر کلہاڑے برسا رہی ہے۔اپوزیشن کو اقتدار سے محروم ہوئے صرف چند ہفتے گزرے ہوئے مگر انکے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور وہ جمہوریت کی مضبوطی اوراسمبلیوں کے تقدس کے بارے میں جتنے واعظ کرتے تھے وہ سارے بھول گئے ہیں، پنجاب اسمبلی میں جو توڑ پھوڑ کی گئی وہ آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتی، انہوں نے کہاکہ شور مچا کر احتساب کے پہیے کو نہیں روکا جا سکتا، اب کھرے اور کھوٹے کی شناخت ہو کر رہے گی۔ خرم نواز گنڈاپور نے بطور رکن اسمبلی حلف اٹھانے پر صمصام بخاری کو مبارکباد دی۔
تبصرہ