بجٹ اجلاس میں اپوزیشن اراکین کا رویہ غیر اخلاقی تھا: عوامی تحریک
سپیکر کو کارروائی میں خلل ڈالنے والے اراکین پر اسمبلی کے
دروازے بند کرنے کا اختیار ہے
اسمبلی کا فرنیچر توڑنے والے اراکین پر اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے جائیں
اپوزیشن کی اصل ذمہ داری بجٹ کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے: نور اللہ صدیقی
لاہور (16 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسمبلی کا فرنیچر توڑنے والے اراکین پر اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے جائیں۔ اپوزیشن نے بجٹ اجلاس کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں غیر اخلاقی رویے کا مظاہرہ کیا۔ حکومت نے قومی وسائل کی تقسیم کا میزانیہ مرتب کیا اس حوالے سے اپوزیشن کی یہ جمہوری ذمہ داری تھی کہ وہ بجٹ سنتی اور پھر اس پر اپنی رائے دیتی، اشرافیہ اقتدار سے محرومی کے بعد حواس باختہ ہو چکی انہیں پارلیمانی جمہوری روایات کی پرواہ رہی اور نہ جمہوری اخلاقیات۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ جو لوگ دس سال پنجاب کی تقدیر سے کھیلتے رہے اور سیاہ و سفید کے مالک بنے رہے انہیں حوصلے سے کچھ دن اپوزیشن بنچوں پر گزارنا چاہئیں، اسمبلیوں میں شور شرابے کا مقصد کرپشن کیسز پر اثر انداز ہونا اور شہباز شریف کو نیب کی تحویل سے آزاد کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ہاؤس کے تقدس کو پامال کرنے والے اپوزیشن اراکین کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔ سپیکر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اسمبلی کی کارروائی میں خلل ڈالنے والوں کا وہ اسمبلی میں داخلہ بند کر سکتے ہیں۔
تبصرہ