پی اے ٹی لاہور کا این اے 124 میں غلام محی الدین دیوان کے اعزاز میں استقبالیہ
عوامی تحریک لاہور کے ضلعی رہنماؤں، این اے 124 کے کارکنان کی
بڑی تعداد میں شرکت
پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں:چودھری افضل گجر
قاتلوں، لٹیروں اور چوروں کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے:اشتیاق حنیف مغل
این اے 124 کے عوام آزمائے ہوئے کرپٹ چہروں کو مسترد کرتے ہیں:حاجی محمد اسحاق
لاہور(8 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہور کی جانب سے این اے 124 سے پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پاکستان عوامی تحریک لاہور، عوامی تاجر اتحاداور تحریک منہاج القرآن کے صوبائی و این اے 124 کے رہنماؤں، کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا کہ این اے 124 میں پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، ن لیگی حکمرانوں نے ملک و قوم کا بہت نقصان کیا ہے، جن قاتل، لٹیروں اور چوروں کو عدالتوں نے مافیا اور نااہل قرار دیا ان کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، این اے 124 کے عوام نواز شریف اور ان کے حواریوں کی فوج، عدلیہ کے خلاف توہین آمیز گفتگو سے خوف آگاہ ہیں۔
این اے 124 میں غلام محی الدین دیوان کی انتخابی مہم بھی چلائیں گے اور ان کی کامیابی تک عملی طور پر ان کے ساتھ ہیں، انتخابی مہم چلانے کے لیے این اے 124 کے کارکنان و عہدیداران مکمل ہدایات دے دی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ہمیشہ سے ہم آہنگی رہی ہے۔ غلام محی الدین دیوان کی انتخابی مہم میں عوامی تحریک کے کارکنان ڈور ٹو ڈور جائیں گے، ان شاء اللہ قاتل جماعت کو شکست ہو گی۔
چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ این اے 124 کے عوام آزمائے ہوئے کرپٹ چہروں کو مسترد کریں، خوف خدا سے محروم ن لیگی حکمرانوں نے کبھی بھی عوام کے مسائل حل نہیں کیے، سابق حکمرانوں نے ہمیشہ تاجروں کا معاشی قتل کیا، این اے 124 کے عوام ملکی ترقی اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے غلام محی الدین دیوان کو ووٹ دیں، شریف برادران نے اپنااقتدار بچانے کے لیے ملک اور قومی اداروں کو ہمیشہ کمزور کیا۔
ناظم لاہور منہاج القرآن اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی ن لیگ کے انتخابی نشان ہیں، پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اقربا پروری، ناانصافی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن غلام محی الدین دیوان کی انتخابی مہم میں عوامی خدمت کے جذبے سے حصہ ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور دیوان غلام محی الدین نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے انصاف کی بات کی ہے۔
پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سیاست میں تشدد اور توہین کا کلچر متعارف کروایا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف ملنا چاہیے۔ انصاف کے حصول تک مظلوموں کے ساتھ ہیں، ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے قاتل شریف برادران ہیں، ان کا ٹھکانہ جیل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 124 میں حمایت کرنے پر سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے ہمیشہ عوامی تحریک کے ساتھ ہے۔
تقریب سے شفاقت مغل، ثاقب بھٹی، راجہ ندیم، حفیظ الرحمن خان، علامہ خلیل حنفی، میاں محمد حنیف، عامر لطف، محمد سلطان، عبدالہادی، ثمینہ مظہر، نصرت رفیق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ