قائد اعظم ثانی کہلوانے والی اشرافیہ کے غبارے سے ہوا نکل گئی: خرم نواز گنڈاپور
ن لیگ کے کارکنوں نے کرپٹ اور قاتلوں کیلئے باہر نکلنے سے انکار کر دیا: سیکرٹری جنرل
لاہور (7 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خود کو قائداعظم ثانی اور عوام کا مقبول لیڈر کہلوانے والوں کی مقبولیت کے غبارے سے ہوا نکل گئی، مٹھی بھر کارکن بھی باہر نہیں نکلے۔ ن لیگ کے لوگ نکلے وہ بھی منہ دکھائی کیلئے نکلے اور زیر لب مسکراتے رہے ۔ ن لیگ کے کارکنوں نے بھی قتل و غارت گردی اور کرپشن نا منظور کے حق میں ووٹ دے دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ شہباز شریف کی گرفتاری پر ن لیگ کی خاموشی انکی کرپشن پر مہر ہے، اگلی طلبی اور گرفتاری ماڈل ٹاؤن کیس کی ہے۔ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے کرپٹ اور ظالم نظام کے خلاف بے مثال جانی و مالی قربانیاں دیں، یہ خون رائیگاں نہیں جائیگا، نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد جاری ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ کے تناظر میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی بات توجہ سے سن رہے ہیں، اس سے پہلے تو کوئی ہماری بات بھی نہیں سنتا تھا ۔ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کا صرف انصاف چاہتے ہیں۔ فیئر تفتیش سے ہی فیئر ٹرائل ممکن ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کر رکھی ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے درخواست کی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی از سر نو تحقیقات کروائی جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس اپنے آخری راؤنڈ میں داخل ہو گیا ہے۔ شریف برادران کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ حصول انصاف کی قانونی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
تبصرہ