ملک ترقی کی پٹڑی پر چڑھانے کیلئے کرپشن کے اژدھائوں کے سر کچلنا ہونگے: ڈاکٹر طاہرالقادری
قومی وسائل نوجوانوں کی تعلیم پر خرچ ہوتے تو آج پاکستان خطہ کا ناخواندہ ترین اور غریب ملک نہ ہو تا
ملکی آبادی کے 60 فیصد نوجوان خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں، تقریب سے عرفان یوسف و دیگر کا خطاب
ایم ایس ایم کے سابق صدور حنیف مصطفوی، باسط ملک و سینئر عہدیداروں کی بڑی تعداد میں شرکت
لاہور (6 اکتوبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن، سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قومی وسائل نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ ہوتے تو آج پاکستان خطہ کا ناخواندہ ترین غریب ملک ہوتا اور نہ ملک چلانے کیلئے آئی ایم ایف سے قرضے مانگنا پڑتے، پاکستان کو ترقی کی پٹڑی پر چڑھانے کے لیے کرپشن کے اژدھائوں کے سر کچلنا ہوں گے، نام نہاد جمہوری، سیاسی مداریوں نے سیاست کو مال بنانے کا ذریعہ بنا کر قائداعظم کے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، منہاج القرآن سے وابستہ طلبا، طالبات اور نوجوانوں نے پڑھے لکھے پاکستان، حقیقی جمہوریت کے قیام اور ظلم کے نظام کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دیں، تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کے دلوں میں علم، امن اور عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں روشن کیں، وہ تحریک منہاج القرآن کی طلبا تنظیم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 24ویں یوم تاسیس کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
تقریب سے مرکزی صدر عرفان یوسف، حنیف مصطفوی، باسط محمود ملک، تنویر خان، رانا تجمل حسین، اخلاق حسین، ایم ایچ شاہین یڈووکیٹ، محمد لطیف مدنی، ملک سعید عالم، یوسف یعفور، فرحان عزیز شیخ، میاں عنصر، مظہر محمود علوی نے خطاب کیا، یوم تاسیس کی تقریب میں سینکڑوں طلبا و سابق رہنمائوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایم ایس ایم کے طلبا کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایم ایس ایم کے طلباء نے تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک کرنے کیلئے اور طلباء کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بے مثال قومی کردار ادا کیا، بالخصوص تعلیم پر جی ڈی پی کا زیادہ سے زیادہ حصہ خرچ کرنے کے لیے ملک گیر تحریک چلائی اور شعور اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ڈور و ڈور، کالج ٹو کالج مہم چلائی اور کلاشنکوف کلچر کو ختم کرنے اور اس کی جگہ طلبا کے ہاتھ میں کتاب دینے کی بے مثال جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوان دین دار، باکرداراورشب بیدارہیں، اللہ کے حضور راتوں کو گریہ و زاری کرنے والے یہی نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی آبادی کا 60فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کے خوشحال اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہیں، ایم ایس ایم کے نوجوان مصطفوی انقلاب کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، ہمیں ہمارے قائد اور رہبر ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے عزت کے ساتھ جینے کا سبق دیا اور ہم تعلیمی اداروں کو نفرت، تشدد سے پاک کر کے انہیں حقیقی معنوں میں علم اور امن کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں اور ان شاء اللہ تعالیٰ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور رہنمائی میں ترقی، امن اور خوشحالی کے یہ اہداف حاصل کر کے دم لیں گے، ہمارا جینا مرنا دین اسلام اور عظیم وطن پاکستان کیلئے ہے۔
ایم ایس ایم کے سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم کو چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے کالجز میں آرگنائز کر کے امن اور علم سے محبت کا پیغام پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ایم ایس ایم نے باکردار اور نظریاتی نوجوانوں کی تنظیم کے طور پر اپنی جگہ بنائی ہے۔ یہ محض تنظیم نہیں ایک مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علم دشمن گروہوں کے تشدد اور مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا اس جدوجہد میں قربانیاں بھی دینا پڑیں مگر ہم نے کتاب کی جگہ بندوق کو نہیں لینے دی۔
تقریب کے اختتام پر شہدائے ماڈل ٹائون کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور ظالم نظام کے خلاف دی جانے والی ان قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہداء کے ورثاء کی استقامت پر انہیں مبارکباد دی گئی اور انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تبصرہ