شہباز شریف کو بہت پہلے گرفتار کر لیا جانا چاہیے تھا: عوامی تحریک کا ردعمل
شہباز شریف جیسے قومی مجرموں کو پہلے گرفتار کر لیا جاتا تو سانحہ ماڈل ٹاؤن نہ ہوتا
شہباز شریف کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں گرفتاری کے منتظر ہیں: خرم نواز گنڈاپور
نیب نے پراسیکیوشن میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو قوم کبھی معاف نہیں کریگی: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (5 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو بہت پہلے گرفتار کر لیا جانا چاہیے تھا۔ شریفوں کی کرپشن کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ احد چیمہ اور فواد حسن فواد شہباز شریف کے فرنٹ مین ہیں۔ شہباز شریف کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں گرفتاری کے منتظر ہیں۔ جنہوں نے گاجریں کھائیں انکو اب نیب کی پھکی سے ہی آرام آئے گا۔ قومی دولت لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ جب احد چیمہ کو نیب نے گرفتار کیا تھا تو اس وقت شہباز شریف نے پنجاب کی ساری بیوروکریسی کو احتجاج پر اکسایا تھا۔ تاریخ میں پہلی بار سول سیکرٹریٹ کی تالہ بندی کروا دی تھی، یہی نہیں بلکہ نصف شب کو کابینہ کا اجلاس بلا کر احد چیمہ کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں بھی لائی گئی تھیں۔ احد چیمہ کیلئے شہباز شریف کی اس بے چینی اور اضطراب سے بخوبی اندازہ ہو گیا تھا کہ نیب نے شہباز شریف کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے تفتیش اور پراسیکیوشن کے مرحلے پر کمزوری یا غفلت کا مظاہرہ کیا تو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، نیب کے پاس اپنی ساکھ کی بحالی اورلوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شہباز شریف جیسے قومی مجرموں کو پہلے گرفتار کر لیا جاتا تو سانحہ ماڈل ٹاؤن نہ ہوتا۔ شریف برادران نے اپنے دور اقتدار میں پولیس، عدالتوں سمیت حکومت کے ماتحت اداروں کو سیاست میں ملوث کر کے ان کی کریڈیبلیٹی کو نقصان پہنچایا، شہبازشریف کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو شہید اور 100 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شریف برادران اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے منتظر ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء انصاف کے لیے عدالتوں کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں اور سوال کررہے ہیں کہ بے گناہوں کے قاتل کب پکڑے جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ابھی اور بھی کرپٹ لوگوں کے گرفتاریاں ہوں گی، احتساب کا عمل مزید تیز کرنا ہوگا، شریف برادران نے ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا قتل عام کیا اور قومی خزانے کو لوٹا۔
تبصرہ