سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو فوری گرفتار کیا جائے: عوامی تحریک
سابق حکمرانوں کے حواری بیورو کریٹ فرعون بنے ہوئے تھے انہیں قانون کا احترام سکھانا ہو گا
سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا فائنل راؤنڈ شروع ہے: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (02 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو فوری گرفتار کر کے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے، مشتاق سکھیرا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی کردار ہے اور انہیں سانحہ سے ایک روز قبل کوئٹہ سے طیارے پر لاہور لایا گیا تھا، ان کی نگرانی میں ماڈل ٹاؤن میں قتل عام ہوا۔ مشتاق سکھیرا کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ مشتاق سکھیرا کو گرفتار کرنے سے انصاف کا بول بالا ہو گا اور اگر گرفتار نہ کیا گیا تو عدالتی احکامات کی توہین ہو گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کا بد ترین واقعہ ہے۔
دریں اثناء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مستغیث جواد حامد نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے کیس کو کمزور کرنے کیلئے اہم دستاویزات دینے سے انکار کیا۔ باقر نجفی کمیشن کے ساتھ لف ڈاکومنٹس نہیں دئیے، اس کے علاوہ سابق حکمرانوں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نامزد ملزمان کے بیان حلفی دینے سے بھی انکار کیا گیا۔ ہم نے دستاویزات کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی اوراس کیلئے پنجاب حکومت کو خط بھی لکھا تھا لیکن انہوں نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی طرف ریفر کیا مگر تا حال نقول نہ مل سکیں۔ اب بیان حلفی کی نقول کے حصول کے لئے رٹ سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں منظور کر لی گئی ہے اس حوالے سے ہوم سیکرٹری پنجاب سے 9 اکتوبر کو جواب بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ امید ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق ریکارڈ ضرور ملے گا۔
تبصرہ