اے ٹی سی میں پراسیکیوٹرز کی تبدیلی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
تبدیلی کی خبر میڈیا سے ملی، سرکاری وکلاء ورثاء کی بجائے قاتلوں کی پشت پناہی کرتے ہیں
بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آ گیا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (29 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس سے پتہ چلا انسداد دہشتگردی عدالت میں کام کرنیوالے پنجاب حکومت کے ملازم پراسیکیوٹرز کو تبدیل کر دیا گیا ہے، ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ پراسیکیوٹرز نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ہر موقع پر مظلوموں کی بجائے قاتلوں کے حق میں اپنا قانونی کردار ادا کیا اور کمرہ عدالت میں اپنے مینڈیٹ کے بر عکس رویہ اختیار کیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ سرکاری پراسیکیوٹرز نے متعدد بار ورثاء اور ان کے وکلاء کے ساتھ جھڑپ کی اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالا جس کی متعدد بار اے ٹی سی جج سے تحریری شکایت بھی کی گئی۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ہر مرحلہ پر انصاف کے راستے میں روڑے اٹکائے کیونکہ وہ براہ راست سانحہ میں ملوث تھے اس لئے وہ نہیں چاہتے تھے کہ تفتیش یا ٹرائل کا عمل درست ٹریک پر آئے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
تبصرہ