ماڈل ٹاؤن کے قاتل شہباز شریف کو جیل میں ہونا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
10 سال عوام کا استحصال کرنیوالے کس منہ سے غریب اور کسان کی بات کرتے ہیں؟
14 بے گناہوں کے قتل میں شہباز شریف براہ راست ملوث ہیں: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (24 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل شہباز شریف کو عوام کے مقدس ایوان میں چیخنے چلانے کی بجائے جیل میں ہونا چاہیے، 14بے گناہوں کا خون 4 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف کا منتظر ہے، پنجاب میں 10 سال اور وفاق میں 5 سال عوام کا استحصال کرنے والے اور قومی معیشت کا بھٹہ بٹھانے والے آج کس منہ سے غریب اور کسان کی بات کرتے ہیں؟ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شہباز شریف کو گرفتار کیا جائے، وہ یہاں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب تک یہ فرسودہ نظام رہے گا ڈاکو لٹیرے اور قاتل کسی نہ کسی روپ میں اسمبلیوں میں پہنچتے رہیں گے اور شراب کے شہد، زیتون اور دودھ میں تبدیل ہونے کی کرامات ہوتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ گند ڈال کر گئی ہے اسے تنقید زیب نہیں دیتی، انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کے قاتل اور خزانے کے ڈاکو نظام انصاف کی خامیوں کی وجہ سے جیلوں کی بجائے محلات میں بیٹھے ہیں، موجود نظام کے تحت کسی قاتل اور قومی لٹیرے کا احتساب نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا کہ جن کیسز میں کئی سال تفتیش ہوئی اور جرم ثابت ہوا ان کیسز میں بھی لٹیرے سزا سے بچے ہوئے ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نااہل نواز شریف اور منشیات کے جرم میں قید حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں ایک ساتھ بیٹھنے کی تصویر نے ثابت کر دیا ہے کہ جیل کا عملہ آج بھی قوم کے ان مجرموں کی غلامی کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ خلاف قانون اور انتہائی شرمناک رویہ ہے کہ غریب جرم کرے تو قانون کا پھندا اس کے گلے میں ڈال دیا جاتا ہے اور امیر کے لیے وہی قانون سہولتیں مہیا کرتا ہے۔
تبصرہ