تعلیم، ویمن امپاورمنٹ اور خاندانی منصوبہ بندی بڑے سماجی مسائل ہیں: قاضی زاہد حسین
حکومت کو چاہیے صدر مملکت نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے انہیں پالیسی کاحصہ بنائے، مرکزی صدر عوامی تحریک
صدر مملکت نے تعلیمی زبوں حالی کا تفصیل سے ذکر کیا، حل کیلئے خود مانیٹرنگ کریں: ترجمان عوامی تحریک
لاہور (17 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے صدر مملکت عارف علوی کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے اپنے پہلے خطاب میں تعلیم، صحت، ویمن امپاورمنٹ اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے جتنے بھی عوامی، سماجی مسائل کی نشاندہی کی ہے وہ زمینی حقائق کے عین مطابق ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان ایشوز کو اپنی پالیسیوں اور ترقیاتی حکمت عملی میں شامل کرے۔ مسائل عملی اقدامات سے حل ہونگے خوبصورت لفاظی یا تقریروں سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پاکستان کا اہم سماجی مسئلہ رہا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملکی آبادی کا 60 فیصد ہے مگر جامع پالیسی کے فقدان کے باعث ہم اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں سے استفادہ نہیں کر پارہے جو ایک المیہ ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عارف علوی نے بطور صدر مملکت پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے طویل سیاسی جدوجہد کی اور وہ پاکستان اور اس کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے تعلیمی زبوں حالی کا تفصیل سے ذکر کیا۔ بہر ہو گا وہ بطور صدر ریاست کے نمائشی عہدیدار بنے رہنے کی بجائے ایجوکیشن ریفارمز میں شامل ہوں اور خود اس کی مانیٹرنگ کریں اور بلاتاخیر یکساں نصاب اور نظام تعلیم کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔
تبصرہ