یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن سستی اشیاء کی فراہمی کی واحد امید ہے: عوامی تحریک
بند کرنے کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں، ابہام دور کیا جائے: نور اللہ صدیقی
غیر ضروری بھرتیوں، ناقص خریداری اور کرپشن نے اسے ناقابل تلاقی نقصان پہنچایا: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (2 ستمبر 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کم آمدنی والے شہریوں کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کرنے کا واحد ذریعہ اور غریب کی امید ہے، یوٹیلٹی سٹوروں کی بندش اور اشیائے خورونوش کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکوک وشبہات اور ابہام دور کئے جائیں اور اس ضمن میں حکومت بلا تاخیر اپنی پالیسی واضح کرے، قومی وسائل پر سب سے زیادہ حق خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے شہریوں کا ہے، وزیراعظم پاکستان نے بھی خوراک کی کمی کا شکار بچوں کا اپنی تقاریر میں بارہا ذکر کیا، اس لیے ضروری ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے شہریوں کو سستی اشیاء خورونوش فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیگر اداروں کی طرح یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے ساتھ بھی سوتیلی ماں والا سلوک کیا گیا، عوامی خدمت کی اس کارپوریشن کو بھی دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، کرپٹ سیاسی سرپرستی سے کارپوریشن دیوالیہ ہوئی، اس ادارے کی سب سے بڑی ڈیفالٹر خود مرکزی حکومت ہے اور 25 ارب روپے کی مقروض ہے اس کے علاوہسفارشی بھرتیوں اور ناقص خریداری نے ادارے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ یوٹیلٹی کارپوریشن پر پارلیمنٹ میں سیر حاصل بحث کی جائے، کارپوریشن کو پاؤں پر کھڑا کیوں نہیں ہونے دیا جاتا؟ اس کی وجوہات تلاش کی جائیں اور مکمل پالیسی وضع کی جائے۔ کارپوریشن غریب کو سستی خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہزاروں خاندانوں کے روزگارکا بھی وسیلہ ہے، ادارے کا تحفظ کیا جائے اور روزگار کا بھی۔ کرپشن میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کو نکال کر باہر کیا جائے اور یوٹیلٹی کارپوریشن کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے میں تبدیل کیا جائے۔
تبصرہ