قربانی کا مقصد مسلمانوں میں جذبہ ایثار پیدا کرنا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
مستحقین کا خیال رکھناعبادات کی روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کاذریعہ ہے
اللہ ملت اسلامیہ کو اتحاد اور محبت کی لڑی میں پروئے، عید الاضحیٰ پرمبارکبادی پیغام
لاہور (21 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملت اسلامیہ بالخصوص اسلامیان پاکستان کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑ کے عظیم جذبہ ایثار کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ یہی جذبہ ایثار امت محمدیہ کو ممتاز اور بلند مقام عطاکرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ اہل ایمان اللہ کے راستے میں جان، مال، اولاد، عزت و آبرو، راحت و آرام قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے، کچھ اعمال ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ کا خاص قرب نصیب ہوتا ہے۔ قربانی بھی ان عظمت والے اعمال میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ ہے قربانی کے جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ملتی ہے اورقربانی کی قبولیت میں جو چیز بنیادی اہمیت کی حامل ہے وہ اللہ کی بارگاہ میں حسن نیت اور صدق و اخلاص ہے۔ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے، رضائے الہیٰ کے حصول کی نیت سے کی جانیوالی قربانی کا اللہ کے ہاں بڑا اجر و ثواب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پرعزیز و اقارب اور مستحقین کا خاص خیال رکھا جائے، یہی عمل اسلامی عبادات کی اصل روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے مقدس ایام اور مبارک لمحات پر دلی دعا ہے کہ اللہ ملت اسلامیہ کو اتحاد اور محبت کی لڑی میں پروئے، پوری دنیا کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات دے، بالخصوص پاکستان اور اسکے عوام کی حفاظت فرمائے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر تکالیف اور دکھوں کا مداوا کرے۔
تبصرہ