خرم نواز گنڈاپور کے سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام خطوط
شہباز شریف قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن نامزدگی کے قابل نہیں:عوامی تحریک
حمزہ شہباز اور شہباز شریف 14 بے گناہوں کو قتل کرنے کی ایف آئی آر کے نامزد ملزم ہیں
عمران خان نے بطور وزیراعظم خطاب میں جو اہداف دئیے ان پر عمل ہوا تو ملک میں بہتری آئے گی
لاہور (20 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو خط لکھا ہے کہ 14 بے گناہوں کے نامزد قاتل شہباز شریف قومی اسمبلی اور حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے کے لائق نہیں ہیں، دونوں باپ بیٹے 14 بے گناہوں کے قتل عام کی ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہیں، یہ ایف آئی آر عدالت کے حکم پر تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں درج ہے اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن محض حادثہ نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے شہباز حکومت تھی، جسٹس باقر نجفی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ پولیس نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں وہی کیا جس کا اسے حکم دے کر بھیجا گیا تھا، خرم نواز گنڈاپور نے خط میں لکھا کہ لیڈر آف دی ہاؤس اور لیڈر آف دی اپوزیشن دونوں اہم عہدے ہیں، محض عددی اکثریت کا ہونا کافی نہیں، کردار اور انسانی رویوں کے بارے میں مکمل چھان بین ضروری ہے، شہبازشریف بے گناہوں کے قاتل ہونے کے ساتھ ساتھ 56 کمپنیاں لوٹنے کے جرم میں بھی ملوث ہیں، ان کے فرنٹ مین بیوروکریٹ بھی نیب کی تحویل میں ہیں، اپوزیشن لیڈر کسی اچھے کردار کے حامل شخص کو ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور قاتل شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگیوں سے جمہوری اداروں کی کوئی نیک نامی نہیں ہو گی، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان سرکاری مراعات والے کسی عہدے کو گھر سے باہر نہیں جانے دیتا۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے عمران خان کے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کے فیصلے کو سراہا اور سادگی اختیار کرنے کے عزم کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ شریف ڈاکو 11سو کنال کے وزیراعظم ہاؤس سے نکل کر 17 سو ایکڑ کے جاتی امراء محل میں آجاتے تھے اور یہاں سے ایون فیلڈ کے محل میں سرکاری خرچے پر چلے جاتے تھے، غریب عوام کے ٹیکسوں پر ظل سبحانی بننے والوں کو جیلوں میں بند کرنا کافی نہیں ان سے قوم کی پائی پائی ریکور کرنا سب سے اہم قدم ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بطور وزیراعظم دقوم سے اپنے پہلے خطاب میں جو روڈ میپ دیا ہے اس پر عمل ہوا تو ملک میں بہتری آئے گی۔
تبصرہ