عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں: ڈاکٹر طاہرالقادری
پنجاب کے قاتل اعلیٰ کو اپوزیشن نے بھی مسترد کر دیا: سربراہ پاکستان عوامی تحریک
بے رحم احتساب اور اہم ایشو پر پارلیمنٹ میں بحث کروانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں
I congratulate @ImranKhanPTI on becoming the #PrimeMinister of Pakistan. I hope that he will do everything possible to fulfil expectations by addressing issues of the people.
— Dr Tahir-ul-Qadri (@TahirulQadri) August 17, 2018
لاہور (17 اگست 2018) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوٹ کھسوٹ پر مبنی عہد اقتدار کے خاتمے پر اطمینان ہے، مسائل زدہ عوام کی بہت سی توقعات نئی حکومت سے وابستہ ہیں، امید ہے عمران خان اور انکی ٹیم ریلیف کے منتظر عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کے اراکین اسمبلی نے پہلے دن ایوان میں احتجاج کے نام پر جو شور شرابا کیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جائز ناجائز طریقے سے ہمیشہ حکومت میں آنیوالے یہ نام نہاد نمائندے حزب مخالف اور سیاسی جمہوری اخلاقیات کی الف ب سے بھی واقف نہیں ہیں۔ اسمبلی میں غیر مہذب لب و لہجے اور رویے کا مظاہرہ کر کے دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا گیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پنجاب کے قاتل اعلیٰ کو قومی اسمبلی کی اپوزیشن نے بھی مسترد کر دیا، ان میں ذرہ برابر بھی شرم ہے تو سیاست چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بے رحم احتساب اور لوٹی دولت و اپس لانے کا جو اعلان کیا ہے میری دعا اور خواہش ہے کہ وہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ سابق دور حکومت کے معاشی جرائم پر اسمبلی میں بحث کروانے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں۔ پاکستان کے عوام کو علم ہونا چاہیے کہ پاکستان تاریخ کے بد ترین قرضوں کے بوجھ تلے دفن کیوں ہوا اور عام آدمی سالوں تک انصاف سے محروم کیوں رہتا ہے؟ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اصلاح اور انتخابی نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے عمران خان نے بطور وزیر اعظم جس عزم کا اظہار کیا ہے وہ قابل قدراور شفاف انتخابی جمہوری نظام کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام کی اصلاح کے حوالے سے پارلیمنٹ نے اپنا موثر کردار ادا کیا تو ہمیشہ کیلئے دھاندلی کا پراپیگنڈہ اور الزام تراشی دم توڑ جائیگی۔
تبصرہ