حصول و استحکام پاکستان کیلئے مسلمان تاجروں کی خدمات نا قابل فراموش ہیں: چیئرمین عوامی تاجر اتحاد
پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال، ہندوستان سے کہیں زیادہ خوشحال ملک ہے: حاجی محمد اسحق
تجارت انبیاء ؑ کا پسندیدہ ذریعہ معاش رہا ہے، دیانتدار تاجروں کی فضیلت بیان کی گئی ہے
پاکستان مسلمانوں کے اتحاد کا مظہر ہے، 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر سیمینار سے خطاب
لاہور (13 اگست 2018ء) چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کہا ہے کہ قرآن مجید میں تجارت کو اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل قرار دیا ہے۔ مسلمانوں کو زمین پر پھیل جانے اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے، تجارت انبیاء ؑ کا پسندیدہ ذریعہ معاش رہا ہے، نیک دیانتداراور صحیح ناپ تول رکھنے والے تاجروں کی فضیلت بیان کی گئی ہے، بر صغیر میں 1857 کے بعد تعلیم اور ملازمت کے شعبوں کے ساتھ تجارت کا شعبہ بھی مسلمانوں سے ہاتھ نکل گیا تھا اسی لئے تحریک پاکستان کے دوران ہندوؤں کے مقابلے میں مسلمان تاجروں کی تعداد بہت کم تھی۔ ان مشکل حالات کے باوجود حصول و استحکام پاکستان کیلئے مسلمان تاجروں کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ مالی حیثیت سے جہاں کانگریس کو برلا، ڈالمیا اور جگی لال کملہ پت جیسے بے شمار تاجروں کی پشت پناہی حاصل تھی وہاں مسلمانوں کو میمن برادری، پنجابی سوداگران، بوہرا برادری، خواجہ برادری، آغا خانی برادری، چمڑے اور کپڑے کی تجارت کرنے والے مسلمان تاجروں کی خدمات حاصل کیں۔ دشمن نے ہزار زاویوں سے پاکستان پر حملے کئے، بہت بڑے پیمانے پر پراپیگنڈہ بھی کیا کہ اگر پاکستان بن بھی گیا تو معاشی طور پر قائم نہیں رہ سکے گا، کیونکہ یہاں نہ ملیں ہیں نہ کارخانے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تاجر اتحاد کے زیراہتمام 71ویں یوم آزادی کے موقع پر ’’تحریک پاکستان میں تاجروں کی خدمات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر الطاف رندھاوا، شیخ عامر رفیع، حافظ غلام فرید، فاروق علوی، منصور بلال، حفیظ الرحمان خان، حاجی عبد الخالق، شبیر دیو، احمد منان و دیگر تاجر رہنماء موجود تھے۔
حاجی محمد اسحق نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا تعلق بھی ایک ممتاز تاجر گھرانے سے تھا۔ انہوں نے مسلمان ماہرین معاشیات کی خدمات حاصل کیں اور ثابت کیا کہ پاکستان ہندوستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ خوشحال ملک ہو گا، پاکستان کا علاقہ قدرتی وسائل سے اس قدر مالا مال ہے کہ جلد ہی سینکڑوں کارخانے قائم ہو جائیں گے، آج یہ ساری باتیں حرف بہ حرف صحیح ثابت ہو چکی ہیں۔ سر آدم جی، اصفہانی اور محمد علی حبیب عظیم تاجروں کی حصول پاکستان و استحکام پاکستان کیلئے خدمات نا قبل فراموش ہیں۔ پاکستان مسلمانوں کے اتحاد کا مظہر ہے یہ اس بات کی علامت ہے کہ تعلیمی، معاشی اعتبار سے پست اور تعداد میں کم ہونے کے باوجود اگر مسلمان وحدت ملی کے سانچے میں ڈھل جائیں تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو شکست دے سکتے ہیں۔
تبصرہ