فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے: ترجمان عوامی تحریک
لاہور (9 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے دو نوجوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس دلخراش واقعہ پر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ترجمان نے کہا کہ موجودہ شکل میں پنجاب پولیس ہٹلر کی گسٹاپو فورس ہے جس کا کام صرف جعلی پولیس مقابلے اور بندوں کو ٹھکانے لگانا ہے، پنجاب پولیس کو انسانوں کا شکار کھیلنے کی ٹریننگ دی گئی یہ ٹریننگ قاتل اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دی۔ سابق حکمرانوں نے مسلسل دس سال پنجاب پولیس سے سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کروائی سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کی ایک جیتی جاگتی بدترین مثال ہے۔ پنجاب میں لاقانونیت، قتل و غارت گری کی ایک بڑی وجہ بذات خود پولیس کا محکمہ اور اس کے اندر بھرتی کئے گئے کرمنلز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 روز قبل پھلروان برکی میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کر دیا گیا، پولیس کی نا اہلی کا یہ عالم ہے کہ مقتولین کے جنازے میں بھی مخالفین نے فائرنگ کی، ہر سال پنجاب میں سینکڑوں اندھے قتل کی وارداتیں ہوتی ہیں اور خاندانی دشمنیوں میں سینکڑوں شہری قتل کر دئیے جاتے ہیں، ان دشمنیوں کے پس پردہ پولیس کے راشی اہلکار اور افسران ہوتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پنجاب پولیس کی تنظیم نو کی ضرورت ہے اور پنجاب پولیس کے ان تمام افسران اور اہلکاروں کو محکمے سے نکال دینا چاہیے جنکے خلاف سنگین جرائم کی ایف آئی آرز درج ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ فیصل آباد میں قتل کر دئیے جانیوالے دونوجوانوں کی موت کے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے ورنہ کرپٹ پولیس افسران اپنے ماتحتوں کو سزا سے بچا لیں گے۔
تبصرہ