14 شہیدوں کا خون اور 54 کمپنیوں کی کرپشن شہباز شریف کو سونے نہیں دیتی: خرم نواز گنڈاپور
جمعرات کو اہل لاہور داتا دربار، شہباز شریف اڈیالہ جیل جاتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
قاتل اور کرپٹ شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
جن کے بڑوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی آج ان کی اولادیں یوم آزادی کیخلاف بول رہی ہیں
لاہور (9 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قاتل اور کرپٹ شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے ہر جمعرات کو اہل لاہور برصغیر کے عظیم صوفی حضرت داتا علی ہجویریؒ گنج شکر کے مزار پر حاضری دیتے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگتے ہیں جبکہ خاندان اشرافیہ کے جیل جانے سے فی الحال بچ جانے والے شہباز شریف ’’گاڈ فادر‘‘ کی قدم بوسی کیلئے ہر جمعرات کو اڈیالہ جیل جاتے ہیں، یہ قدرت کی گرفت ہے، غریب قوم کے وسائل لوٹنے اور انہیں قتل کرنے والے آج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اپنے بھائی کی تنہائی دور کرنے کیلئے بہت جلد قاتل اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اڈیالہ جیل میں بند ہونگے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بہنے والے معصوم لہو کی وجہ سے یہ اپنے انجام سے دو چار ہونگے، شہباز شریف ایک جھوٹے مکار قاتل اور کرپٹ شخص ہیں اسی لیے آج کل میڈیا کے کیمروں کے سامنے بولتے ہوئے ان کے حلق سے آواز نہیں نکلتی، 14 شہیدوں کا خون اور 54 کمپنیوں کی کرپشن شہباز شریف کو سونے نہیں دیتیں، خرم نوازگنڈا پور نے کہا کہ ملکی دولت کی لوٹ مار پر بدترین شکست کھانے والے نام نہاد سیاسی گیدڑوں کویوم آزادی، قومی اداروں اور ملکی وقار کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، پاکستان کے عوام قاتل اقتدار کے خاتمے پر اس بار زیادہ پرجوش انداز میں یوم آزادی منائیں گے، انہوں نے کہا کہ جن کے بڑوں نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم کی بجائے کانگریس کا ساتھ دیا آج ان کی اولادوں کی رگوں میں بھی وہی غدارانہ خون جوش مارہا ہے اور وہ یوم آزادی کے خلاف نفرت کا اظہار کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف اول فول اگلنے والے ذہن نشین کر لیں کہ اب ان کی گیڈر بھبکیاں انہیں ان کے عبرتناک انجام سے نہیں بچا سکیں گی، انہیں اپنے جرائم کی سزا مل کررہے گی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ چند روز سے کچھ نام نہاد سیاسی رہنما جن کے بدترین انتخابی شکست کی وجہ سے اوسان خطا ہیں وہ افواج پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کر کے اپنے جرائم کی پردہ پوشی چاہتے ہیں وہ اپنے لب و لہجے کو درست کر لیں، پاکستان 21 کروڑ عوام کا ملک ہے، چند درجن مداری اپنے مفادات کیلئے اب قومی مفاد کو داؤ پر نہیں لگا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کو چاہیے کہ وہ احتساب اور کرپشن کے خاتمے کو اولین ترجیح دیں اور جس جس نے بھی قومی دولت پر ہاتھ صاف کیا ہے ان کے حلق میں انگلی ڈال کر قومی دولت نکالی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے بھی کہتے ہیں کہ وہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا نوٹس لیں اور جو قومی اداروں کے خلاف زبان درازی کررہے ہیں انہیں شٹ اپ کال ملنی چاہیے۔
تبصرہ