شریف اقتدار کے خاتمے سے ملکی حالات بہتر ہونگے : رہنما عوامی تحریک لاہور
شہباز اور حمزہ کی لوٹ مار پکڑنے کیلئے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ضروری ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں طلب کیے گئے پولیس افسر عہدوں سے ہٹایا جائے: افضل گجر، حافظ غلام فرید
لاہور (28 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ظالموں اور قاتلوں کے اقتدار اور سیاست کے خاتمے پر خوشی ہے، اب ملکی حالات بہتر ہونگے۔ 10سال کے بعد پنجاب کے عوام کو کھلی فضاء میں سانس لینے کا موقع ملا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی لوٹ مار کے پکڑنے کیلئے پی ٹی آئی کا پنجاب میں اقتدار ضروری ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کی طرف سے طلب کیے گئے پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے، عابد باکسر کے الزامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی بنائی جائے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر لاہور افضل گجر، امیر لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ شریف برادران نے بہت ظلم کیے، قومی خزانہ لوٹا، عوام کے ٹیکسوں پر عیاشیاں کیں، اب دیکھتے ہیں شریف خاندان کس طرح ٹھاٹ باٹ کی زندگی گزارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج، عدلیہ کو چیلنج کرنے والے آج جیلوں میں بند ہیں اور ٹسوے بہارہے ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بہنے والے بے گناہ خون نے شریف خاندان کو عبرت کا نشان بنا دیا، باپ، بیٹی سزا کاٹ رہے ہیں، بیٹے دائمی مفرور ہیں۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ ہارے ہوئے مسترد شدہ سیاستدان احتجاجی تحریک نہیں چلا سکتے، چوری کھانے والے مجنوں خون کا پیالہ دیکھ کر بھاگ جائینگے، انہوں نے کہا کہ کشمیر تو آزاد نہیں ہوا تاہم خوشی ہے کہ کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن کی گرفت سے آزاد ہو گئی۔
تبصرہ