قاتل لیگ کے امیدوار ووٹ نہیں پھانسی کے حق دار ہیں: رہنماء عوامی تحریک
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ سازنواز شریف اور شہباز شریف ہیں: خرم نواز گنڈاپور
باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کی ذمہ دار شہباز حکومت ہے، نور اللہ صدیقی
قاتلوں کواقتدار اور سیاسی ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کرنے کا وقت آ گیا بشارت جسپال، فیاض وڑائچ
لاہور (24 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قاتل نواز لیگ کے امیدوار ووٹ نہیں پھانسی کے حق دار ہیں، ان درندوں کو جب بھی موقع ملے گا یہ اپنے مفادات کیلئے بے گناہ انسانی خون بہائیں گے۔ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام نواز شریف اور شہباز شریف نے کروایا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ ساز نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور انکے حواری ہیں۔ آج محب وطن پاکستانی ووٹ ڈالتے وقت قاتلوں اور لٹیروں کے چہروں کو سامنے رکھیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد قاتلوں اور لٹیروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہے۔ اپنے ہی شہریوں کو قتل کرنیوالے ووٹ نہیں پھانسی کے حقدار ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شہباز حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ذمہ دار ہے اوررانا ثناء اللہ اور انکے حواری نامزد ملزمان ہیں اور انکے خلاف قتل عام کی ایف آئی آر درج ہے، اس ضمن میں عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بدعنوانوں اور قاتلوں کے خلاف اپنا ووٹ استعمال کر کے انہیں نشان عبرت بنائیں۔
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ 17 جون 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے اس دن شہباز شریف کے حکم پر پنجاب پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں نہتے شہریوں پر بارود کی بارش کی، 100 لوگوں کو گولیاں ماریں جن میں 14 شہید ہو گئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کی درندگی اور بربریت کا بد ترین واقعہ ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ قاتلوں اور انکی باقیات کو اقتدار اور سیاست کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کیا جائے۔
تبصرہ