نواز شریف ایک مجرم اور فتنہ، الطاف حسین کی طرح ڈیل کیا جائے : خرم نواز گنڈاپور
فوج مخالف بیانیے کی وجہ سے نام نہاد لبرل نواز شریف کے دائیں بائیں جمع ہو گئے
قوم ملکی سیاست کوکرپٹ، پاگل، جنونی اورجعلی خادموں سے پاک دیکھنا چاہتی ہے، سیکرٹری جنرل PAT
شہباز شریف ایک قاتل اور سفاک شخص ہے، اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے
لاہور (21 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوج مخالف بیانیہ کی وجہ سے نام نہاد لبرل غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار اور فنڈڈ این جی اوز کرپٹ، مجرم اور نااہل نواز شریف کے دائیں بائیں جمع ہو گئے، غیر ملکی جرائد بھی پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی منفی مہم میں پیش پیش ہیں، اس وقت واحد منظم ادارہ فوج کا باقی رہ گیا ہے جو دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں پیش پیش ہے اور فوج کا ایثار اور قربانی سے سرشار کردار دشمن کی آنکھ میں کانٹے کی طرح چبھ رہا ہے، شریف برادران سلامتی کیلئے خطرہ اور غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور اپنی لوٹ مار کو تحفظ اور مقدمات سے نجات کیلئے ریاست کو بلیک میل کررہے ہیں، نواز شریف ایک مجرم اور فتنہ ہے، اسے الطاف حسین کی طرح ڈیل کیا جائے، وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ شہباز شریف بھی ایک کرپٹ، قاتل اور سفاک شخص ہے، اس کی گردن پر ماڈل ٹاؤن کے 14 بے گناہوں اور جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جانے والے شہریوں کا خون ہے، ایسے درندوں کو کسی قسم کی کوئی ڈھیل نہیں ملنی چاہیے، سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کی درندگی اور سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں شہباز حکومت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے کے باوجود قاتل اعلیٰ پنجاب کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا، عابد باکسر کے انکشافات کو نظرانداز نہ کیا جائے، شہباز شریف کے 10سال پر محیط جرائم پر جے آئی ٹی بننی چاہیے اور اس میں عابد باکسر کو اپنا موقف اور ثبوت دینے کا موقع ملنا چاہیے، اب ملکی سیاست کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا ہو گا تاکہ ملکی خزانے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہو سکے، انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو خونی، کرپٹ، پاگل، جنونی اور جعلی خادموں سے پاک کیا جائے۔
تبصرہ