ن لیگ قاتل اور ختم نبوت قانون پر حملے کی مجرم جماعت ہے : عوامی تحریک
پی ٹی آئی امیدواروں کی عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد، رہنماؤں سے ملاقاتیں
سیال شریف سے صاحبزادہ قاسم سیالوی، ملک خدا بخش نے خرم نوازگنڈاپور و رہنماؤں سے ملاقات کی
لاہور سے پی ٹی آئی امیدوار مراد راس، کرامت کھوکھر، سرفراز کھوکھر، ارشاد ڈوگر بھی مرکزی سیکرٹریٹ آئے
وفود سے بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید و دیگر رہنما ملے
لاہور (18 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواروں نے خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی، اس موقع پر انتخابی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیال شریف سے صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں وفد آیا، این اے 135 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ملک کرامت کھوکھر، پی پی 173 کے امیدوار ملک سرفراز کھوکھر اور پی پی 159 لاہور سے امیدوار مراد راس نے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نوازگنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ قاتل اور ختم نبوت کے قانون پر حملے کی مجرم جماعت ہے، یہ کرپٹ اور مجرمانہ سوچ رکھنے والے لوگ ہیں جو جماعت دن دہاڑے 100 لوگوں کو گولیاں مرواسکتی ہے اور 14 کو قتل کروا سکتی ہے اس کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور دینا پاکستان سے غداری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم قاتل لیگ کا عدالتوں میں بھی اور سیاسی میدانوں میں بھی پیچھا کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف ’’انڈر ورلڈ‘‘ کے آدمی ہیں، یہ لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں اور کسی بھی غیر ملکی قوت کے آلہ کار بن سکتے ہیں، ناجائز دولت سے اثاثے بنانے کے جرم میں سزا یافتہ ہونے کے باوجود قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بچوں نے ایون فیلڈ کی ملکیت تسلیم کی اور اس کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہے جس پر انہیں سزا سنائی گئی، کرپشن ثابت نہ ہونے کا بیانیہ مضحکہ خیز اور انڈر ورلڈ والا ہے۔
ملاقات کے دوران صاحبزادہ قاسم سیالوی نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی بربریت کا کسی طور دفاع نہیں کیا جا سکتا، یہ انسانی قتل عام کا کیس ہے اس کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے، مراد راس نے کہا ماڈل ٹاؤن میرا حلقہ انتخاب ہے، میں نے بطور ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے فلور پر ہمیشہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کی بات کی، سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاست سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی امیدوار کرامت کھوکھر، سرفراز کھوکھر نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بطور جماعت الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی تاہم صوبائی حلقہ جات پر مشتمل تنظیمات ووٹ دینے کے حوالے سے آزاد ہیں، ہمارا ایک ہی موقف ہے کہ خون لیگ کے کسی امیدوار کو ووٹ نہ دیا جائے، باقی جماعتوں کے ن لیگ سے سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن ہماری ان سے دشمنی ہے کیونکہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کو قتل کیا ہے۔
اس موقع پر بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید، راشد چودھری، میاں افتخار احمد، خلیل چودھری، حاجی فرخ اعجاز، ارشاد ڈوگر، ساجد حمید، انعام اللہ گجر، اشرف انجم، قاری اشفاق موجود تھے۔
تبصرہ