’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ کے نام پر 100 ارب لوٹے گئے: فیاض وڑائچ
عقیدہ ختم نبوت کے قانون کو بدلنے والی ن لیگ کے خلاف کام کرنا ثواب کا کام ہے
پی پی 229 واحد حلقہ ہے جہاں پھیپھڑے اور گردوں کے سب سے زیادہ مریض ہیں
ن لیگ دیہات کی ترقی کی دشمن جماعت ہے: صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب
لاہور (17 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چودھری فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے قانون کو بدلنے والی ن لیگ کے خلاف کام کرنا ثواب کا کام ہے، ذہنی معذور رانا ثناء اللہ کہتا ہے قومی مجرم نواز شریف کا استقبال کرنا حج جیسا ثواب ہے، ہم کہتے ہیں ختم نبوت کے قانون کے خلاف سازش کرنے والی ن لیگ کے امیدواروں کوووٹ دینے والے جہنم کا ایندھن بنیں گے۔
وہ پی پی 229 بورے والہ کی مقامی تنظیم اور یہاں سے آزاد امیدوار عثمان وڑائچ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، فیاض وڑائچ نے کہا کہ ن لیگ دیہات کی ترقی کی دشمن جماعت ہے، دیہات میں سڑکوں کی تعمیر کے نام پرشہباز شریف نے ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ کا ڈھونگ رچا کر خزانے کو 100 ارب کا ٹیکہ لگایا، نیب سے کہتے ہیں اس کا بھی آڈٹ کریں، بڑے بڑے انکشاف ہونگے، دیہات میں ایسی سڑکوں کے بل بھی وصول کیے گئے جو کبھی تعمیر ہی نہیں ہوئی تھیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور کی خوبصورتی پر لگائے گئے، بہاولنگر، وہاڑی، بورے والہ، راجن پور، مظفر گڑھ کے اضلاع کے عوام زمانہ غار والی زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی 229 کا تنظیمی دورہ کیا یہاں پر نہ کوئی سڑک ہے نہ کوئی سکول اور یہاں کے عوام پینے کے صاف پانی کو بھی ترس رہے ہیں، گردوں اور پھیپھڑوں کے سب سے زیادہ مریض بورے والہ پی پی 229 میں ہیں، یہاں پر کوئی ڈسپنسری ہے نہ بنیادی صحت کا کوئی مرکز، دس سال پنجاب پر حکومت کرنے والے شہباز شریف کو دیہات کے غریب عوام کی حالت زار نظر کیوں نہیں آئی؟ چودھری فیاض وڑائچ سے پی پی 229 سے آزاد امیدوار عثمان وڑائچ نے بھی ملاقات کی۔
عثمان وڑائچ نے کہا کہ میں سیاست میں صرف اور صرف اس حلقہ کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی سوچ کے ساتھ انتخابی میدان میں اترا ہوں، پی پی 229 کے عوام کو شریف برادران نے انسان تک نہیں سمجھا، انہوں نے کہا کہ دیہات، سڑکوں، صاف پانی اور تحفظ سے محروم ہیں۔ ان کی محرومیاں دور کرنے کیلئے اور انہیں ان کا حق دلانے کیلئے ہر حد تک جاؤں گا۔
تبصرہ