جس نے بھی وطن اور قوم سے غداری کی کبھی سکھ کا سانس نہیں لیا: خرم نواز گنڈاپور
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کی پکار سیدھی عرش تک جا پہنچی، شریف برادران جگ ہنسائی کا باعث بن چکے
پاکستان کو مقروض کر کے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والے مجرم کسی رو رعائت کے مستحق نہیں، وفد سے گفتگو
شریف برادران اہلیت، دیانتداری اور دیانتداروں سے نفرت کرتے ہیں: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (15 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نا اہل، کرپٹ، قاتل، مجرم شریف برادران نے غریب عوام کا خون چوس کر اور ہڈیوں سے گوشت نوچ کر مال بنایا۔ لوٹ مار کا مال بچانے کیلئے قومی سلامتی کے اداروں، پاک فوج اور عدلیہ کیلئے بد زبانی کی۔ کبھی بین الاقوامی اخبارات میں ’’روگ آرمی‘‘ جیسے اشتہارات چھپوائے، کبھی ڈان لیکس، کبھی ممبئی کیس کے حوالے سے ہرزہ سرائی کر کے قومی سلامتی کے انتہائی ذمہ دار اداروں پر وار کرنے کی ناپاک جسارت کی۔ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی یہ آوازیں اتفاق نہیں بلکہ غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر شریف برادران کی سوچی سمجھیں سازشیں تھیں، ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا کر، پاکستان کو مقروض کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والے مجرم کسی رو رعائت کے مستحق نہیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر محمد رفیق نجم، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، شفاقت مغل، میاں افتخار، حاجی اختر، طارق الطاف و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملک دشمن شریف برادران نے ملک کو جمہوریت کے نام پر لوٹا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے کبھی ووٹر کو عزت نہیں دی۔ شریف برادران نے سیاست کو تجارت اور کمائی کا ذریعہ بنایا۔ نا اہل ٹولے کے نزدیک دیانتداری ایک گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی اہلیت، دیانتداری اور دیانتداروں سے نفرت کرتے ہیں۔ 13 جولائی کو لاہور سمیت پورے ملک کے باشعور عوام نے ثابت کر دیا کہ مکافات عمل شروع ہو چکا ہے۔ 13 جولائی والے دن شہر لاہور کی سڑکوں کی سڑکوں پر اتنا سکون تھا کہ گھنٹوں کا راستہ منٹوں میں طے ہو رہا تھا۔ نا اہل بڑے میاں لندن سے اڑان بھر کر لاہور پہنچ گئے لیکن چھوٹے میاں خالی سڑکوں کے باوجود لوہاری سے صرف دھرم پورہ تک ہی پہنچ پائے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی دین اسلام اور وطن سے غداری کی کبھی سکھ کا سانس نہیں لیا۔ آج شریف برادران کی ذلت دیکھ کر یقین ہو چکا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کی پکار سیدھی عرش تک جا پہنچی ہے۔ شریف برادران جگ ہنسائی کا باعث بن چکے ہیں، نا اہل مجرم نواز شریف اپنی کرپشن چھپانے کیلئے 50 سالہ ازدواجی زندگی کی ساتھی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر آ گیا۔ شریف برادران ملک بچانے کے جھوٹے دعوؤں کے پیچھے پناہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی جان لیں دین، وطن اور قوم سے غداری تخت الٹا دیتی ہے۔ غداروں کا ٹھکانہ جیل اور پھانسی کا پھندا ہوتا ہے۔
تبصرہ