نواز شریف کا شورشرابا ہارے ہوئے جواری کا واویلا ہے: خرم نواز گنڈاپور
مشرف نے 10 سال کی ڈیل کی سہولت دی، اب انہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا: ردّ عمل
نااہل نے جرم چھپانے کیلیے اولاد، بیمار بیوی، مرحوم والد، بوڑھی والد کسی کو نہیں بخشا:
لندن میں بیٹھ کر عدلیہ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہیں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (11 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے نواز شریف کی لندن میں کی جانیوالی میڈیا کانفرنس کے دوران اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ اغیار کی گود میں بیٹھ کر عدلیہ اور فوج کے خلاف بولنے سے انہیں بیرونی مدد میسر آئے گی مگر اب ان کی مدد کے لیے کوئی نہیں آئے گا، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اور انہیں کسی مارشل لاء کورٹ نے نہیں آزاد عدلیہ نے سزا سنائی ہے، ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر ان کا یقین ہوتا تو وہ جنرل مشرف سے سیاسی مقدمات میں 10 سال کی ڈیل کر کے کبھی جدہ کے سرور محل کے مکین نہ بنتے، نواز شریف کو ناجائز اثاثے رکھنے کے جرم میں سزا ہوئی، وہ حقائق کو مسخ نہیں کر سکتے، دنیا کی نظر میں ان کا واویلا نہیں عدالت کا فیصلہ اہم ہے، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس کرۂ ارض پر حلال کی کمائی کی ایک انچ بھی زمین نہیں ہے، انہیں اللہ اور قوم سے معافی مانگتے ہوئے لوٹ مار کی پائی پائی واپس کرنے کا اعلان کرنا چاہیے اور اپنے آپ کو قانون کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا چاہیے، اچھے قیدی کی حیثیت سے ریلیف حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کریں، اس کے علاوہ کرپشن کیسز میں ہونے والی سزا میں انہیں کوئی ریلیف نہیں مل سکتا، انہوں نے کہا کہ ابھی تو کرپشن کرنے پر سزا ملی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا فیصلہ باقی ہے، ماڈل ٹاؤن کیس میں یہ پھانسی چڑھیں گے، انہوں نے کہا کہ پانامہ جے آئی ٹی کے والیم 8 میں ہوشربا اور روح فرسا انکشافات ہیں، نواز شریف نے اپنے جرائم کے پردہ پوشی کے لیے اولاد، بیمار بیوی، مرحوم والد اور بوڑھی والدہ میں سے کسی کو بھی نہیں بخشا۔
تبصرہ